بالاکوٹ میں مون سون بارشوں سے نصف درجن سے زائد گھروں کا قیمتی سامان برساتی نالہ کی نذر ہو گیا

پیر 31 جولائی 2017 16:04

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2017ء) بالاکوٹ میں مون سون کی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث محلہ بلیانی کے نصف درجن سے زائد گھر زیر آب آ گئے، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، تیز پانی کے بہائو کے ساتھ سانپ اور بچھو بھی گھروں میں داخل ہو گئے، متعدد گھروں کا لاکھوں روپے کا قیمتی سامان برساتی نالہ کی نذر ہو گیا، لوگوں نے امدادی کاموں کی ناکام کوششوں کے بعد بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔

تحصیل ناظم بالاکوٹ نے ممبر ضلع کونسل اور ناظم سٹی کونسل کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ہونے والے مالی نقصان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم اے کے عملہ کو نالوں کی فوری صفائی کے احکامات جاری کئے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد تحصیل ناظم بالاکوٹ حاجی رستم خان، بالاکوٹ سے ممبر ضلع کونسل میاں الطاف، ناظم سٹی کونسل اسد قذافی اور سٹی کونسل کے رکن راجہ ظہیر احمد نے متاثرہ مقامات کا دوبارہ دورہ کیا اور متاثرہ افراد کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ان کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، نقصان کے ازالہ کیلئے اعلیٰ سطح پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی جس کے بعد نقصان کی تلافی بھی کی جائے گی، ہم نے ندی نالوں کی صفائی فوری طور پر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔