ترجمان کی کابل حملے سے منسوب وزیراعظم کے بیان کی تردید ،افغان میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے سے باز نہ آیا

شاہد خاقان عباسی نے تسلیم کرلیا ہے کہ کابل حملے کیلئے تین سے چار حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے ،افغان ٹی وی کا دعویٰ

پیر 18 ستمبر 2017 19:48

ترجمان کی کابل حملے سے منسوب وزیراعظم کے بیان کی تردید ،افغان میڈیا ..
کابل/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) افغان میڈیا وزیراعظم ہائوس کی جانب سے کابل حملے سے متعلق شاہد خاقان عباسی کے بیان کی تردید کے باوجود پاکستان کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے سے باز نہ آیاا ور کابل حملے کے تانے بانے پاکستان کے ساتھ جوڑنے شروع کردیئے ،دوسری جانب برطانو ی اخبار فنانشل ٹائمز کی ویب سائٹ سے وزیراعظم کے کابل حملے سے متعلق بیان کا متن نہ ہٹایا گیا۔

پیر کو افغان ٹی وی طلوع نیوز،خبررساں ایجنسی ’’خاما پریس اور دیگر میڈیا نے پاکستان کے خلاف کابل حملے میں ملوث ہونے سے متعلق زہریلا پروپیگنڈ ہ شروع کردیا۔افغان ٹی وی طلوع نیوز نے الزام لگایاکہ پاکستانی وزیراعظم نے تسلیم کیا ہے کہ تین سے چار حملہ آور سرحد پار سے آئے اور کابل میں ٹرک بم حملہ کیا جس میں 100کے قریب ا فراد ہلا ک ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

افغان خبررساں ادارے خاما پریس نے برطانوی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ شاہد خاقان عباسی نے تسلیم کیا ہے کہ جرمن سفارتخانے کے باہر ہونے والے ٹرک دھماکے کے حملہ آور نے پاکستان سے سفر کیاتھا۔دوسری جانب ترجمان وزیراعظم نے کہاہے کہ کابل حملے میں پاکستانی کے ملوث ہونے سے متعلق وزیراعظم سے منسوب خبر میں کوئی صداقت نہیں،اس حوالے سے وزیراعظم نے کسی صحافی کوکوئی بیان نہیں دیا، متعلقہ پرنٹ میڈیا وزیراعظم کی گفتگو کے اجزا کا احتیاط سے جائزہ لے ،وزیراعظم ہمیشہ کہتے ہیں کہ پاکستان پر ہونیوالے حملے سرحد پار سے ہوتے ہیں۔

پیرکو ترجمان وزیراعظم نے شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کابل حملے میں ملوث ہونے سے متعلق وزیراعظم سے منسوب خبر درست نہیں ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے کسی صحافی کو کوئی بیان نہیں دیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے منسوب خبر بالکل بے بنیاد ہے۔ ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ پاکستان پرہونیوالے حملے سرحد پار سے ہوتے ہیں۔ متعلقہ پرنٹ میڈیا وزیراعظم کی گفتگو کے اجزا کا احتیاط سے جائزہ لے۔