پاکستان پیپلز پارٹی( کل) حیدرآباد میں طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرے گی ، بلاول بھٹو زرداری جلسہ عام سے خطاب کریں گے

منگل 17 اکتوبر 2017 19:17

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کل حیدرآباد میں اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرے گی ، بلاول بھٹو زرداری بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مولا بخش چانڈیو ، جام خان شورو ، وقار مہدی ، سینیٹر عاجز دھامراہ ، علی نواز شاہ رضوی ، صغیر قریشی ، علی محمد سہتو ، آفتاب خانزادہ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اجلاس میں قومی شاہراہ ہٹڑی بائی پاس پاکستان پر پیپلز پارٹی کے جلسہ عام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی پی پی کے رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا معائنہ بھی کیا اور میڈیا کو بریفنگ دی گئی جلسہ عام میں 30فٹ اونچا اور40فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ مردوں کے بیٹھنے کے لیے 80ہزار اور خواتین کے لیے 20ہزار کرسیاں لگانے کا انتظام کیا گیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ لاکھوں افراد زمین پر بیٹھ کر اور کھڑے ہو کر جلسہ گاہ میں موجود ہو نگے آج بدھ کی صبح سے ہی عوام کے قافلے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو جائیں گے جلسہ عام کا آغاز شام 4بجے طے کیا گیا ہے ، جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی خطاب کریں گے جلسہ کی پبلسٹی کے لیے منگل کو بھی نوجوانوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں و کارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری رہا پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے حیدرآباد کو پارٹی کے پرچموں ، بلاول بھٹو کی تصاویر اور پوسٹرز سے بھر دیا ہے پینا فلیکس بھی بہت بڑی تعداد میں لگائے گئے ہیں دوسری جانب جلسہ عام قومی شاہراہ سے متصل ہو نے کے باوجود ٹریفک پولیس کا کوئی پلان جاری نہیں ہو اہے تاہم سکیورٹی کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ و پولیس کا اجلاس ہوا ہے جس میں امن برقرار رکھنے کے لیے اہم فیصلے کئے گئے ہیں -