حسن ابدال‘سول ڈیفنس کا ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

غیر قانونی ریفنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی سیل کئے جائیں گے عوام خطرناک اور گھناؤنے کاروبارمیں ملوث افراد کی نشاندہی فوراً تھانہ ، اے سی دفتر سول ڈیفنس کریں، عقیل خٹک، نثار علی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:32

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر سول ڈیفنس کا ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تحصیل حسن ابدال میںہزارہ روڈ پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دو ری فلنگ سلنڈرز مالکان کے خلاف سول ڈیفنس سپیشل پاور رولز1951کے تحت کارروائی کی گئی ، سول ڈیفنس اٹک کے ڈسٹرکٹ آفیسر عقیل عالم خٹک نے صحافیوں کو بتایا کہ انسانی جان و مال کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ، وارننگ کے طور پر اس بار معمولی کارروائی کی گئی آئندہ اگر کوئی ایل پی جی کی غیر قانونی ریفنگ میں ملوث پایا گیاتو اسے گرفتار کرکے جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی سیل کر دیا جائے گا، عقیل خٹک نے بتایا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے کوئی بھی شخص ایسا خطرناک اور گھناؤنا کاروبار دیکھے تو فوراً تھانہ ، اے سی دفتر ، ڈی سی دفتر یا سول ڈیفنس کو آگاہ کریں ، اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر سول ڈیفنس اٹک نثار علی خان نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال سے کھیلنے والے خطرناک کاروبار کا خاتمہ علاقائی لوگوں کے تعاون سے ہی ممکن ہے ، آس پاس کے دکاندار یا رہائشی لوگ ایل پی جی کی ری فلنگ کرنے والوں کا قلع قمع کرنے میں ہماری مدد کریں کیونکہ آگ لگنے کی صورت میں سب پہلے وہی متاثر ہونگے۔

۔