پوری امید ہے الیکشن2018 اپنے وقت کے مطابق ہوں گے،خورشید شاہ

آئین سے انحراف کرنے والے اپنا انجام دیکھ چکے ہیں، ٹیکنو کریٹ ملک کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے عوام کے سامنے یہ سوال ہے معین قریشی اور شوکت عزیز کون تھے، کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے اور انہوں نے ملک و قوم کی کیا خدمت کی،بیان

بدھ 1 نومبر 2017 21:01

پوری امید ہے الیکشن2018 اپنے وقت کے مطابق ہوں گے،خورشید شاہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2017ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے سامنے یہ سوال ہے کہ معین قریشی اور شوکت عزیز کون تھے، کہاں سیآئے اور کہاں چلے گئے اور انہوں نے ملک و قوم کی کیا خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ ملک کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے اور اگر ایسا ہوتا تو پھر یورپ اور امریکہ میں ڈیموکریسی کی بجائے ٹیکنوکریسی کا راج ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جو اقدامات اًئین اور قانون کے دائرے میں ہوتے ہیں وہ سب کیلئے قابل قبول ہوتے ہیں اور دھونس، دھاندلی اور جانبداری پر مبنی فیصلے ملک اور عوام کیلئے شدید نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ اپنے بیان قائد حزب اختلاف نے کہا مجھے پوری امید ہے کہ الیکشن2018 اپنے وقت کے مطابق ہوں گے کیونکہ یہ آئین اور قانون کا تقاضا ہے اور آئین سے انحراف کرنے والے اپنا انجام دیکھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام جنگیں امریت کے ادوار میں ہوئیں اور ان جنگوں کے نتیجے میں ہم نے شدید نقصانات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ افغان وار اور کارگل کی جنگ نے ہمیں تباہی کے سوا کچھ نہ دیا اور آمر ضیاالحق غیروں کی لڑائی میں اپنا سیاچن بھی بھارت کو دے بیٹھا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم غیروں کی لڑائی انکے کے مفادات کیلئے لڑتے ہیں اور غیروں کے مفادات کو ملک و قوم کے مفادات پر ترجیح دیتے ہیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ گزشتہ دور میں نیب کی کارکردگی کو سپریم کورٹ نے بھی بدترین قرار دیا اور اب یہ موجودہ چیرمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصفانہ اقدامات کے ذریعے نیب کے جانبدارانہ تاثر کو ختم کریں اور ثابت کریں کہ نیب کے قوانین سب کیلئے ایک ہیں۔