نواز شریف کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں آج بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے اور خود یہ حکمران کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں، ملک غریب اور شریف خاندان اور ان کے چیلے امیر ہورہے ہیں، یہ کیسی ترقی ہے کہ لاہور کے اسپتالوں میں مریضوں کو دوائی اور جگہ نہیں ملتی، غریب رل گئے ہیں اور خادم اعلیٰ کی نام نہاد گڈگورننس کا پول کھل گیا ہے

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدرآصف علی زرداری

پیر 6 نومبر 2017 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں آج بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے اور خود یہ حکمران کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں، ملک غریب اور شریف خاندان اور ان کے چیلے امیر ہورہے ہیں۔

یہ کیسی ترقی ہے کہ لاہور کے اسپتالوں میں مریضوں کو دوائی اور جگہ نہیں ملتی۔ غریب رل گئے ہیں اور خادم اعلیٰ کی نام نہاد گڈگورننس کا پول کھل گیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام انتظار کریں آنے والے دنوں میں شریف اشرافیہ کی لوٹ مار کی مزیدتفصیلات سامنے آئیں گی جس سے یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کے تینوں ادوار میں جو انمردی سے انتقامی کارروائیوں کا مقابلہ کیا اور عدالتوں سے سرخرو ہوئے۔

شریف خاندان اختلافات کا ڈرامہ رچاکر احتساب سے بچنا چاہتا ہے۔ عوام ان کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور اب وہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ شریف خاندان وی آئی پی احتساب پر چیخیں مار رہا ہے تاکہ عوام کو دھوکہ دیا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب ملک بھر میں احتساب کا یکساں پیمانہ اپنائے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار سالوں میں افراتفری نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا۔

اپوزیشن کو سب سے زیادہ نقصان عمران نے پہنچایا ان کی سولوفلائٹ کا سب سے زیادہ فائدہ نوازشریف کو ہوا۔ عوام نے خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی دیکھ لی ہے وہاں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور کپتان تبدیلی کا دعویٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی بصیرت سے عاری ہیں۔ ان کی سیاست ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

عوام اب نواز شریف اور عمران خان کی منفی سیاست کو رد کر دیں گے۔ اگلا دور پیپلز پارٹی کا ہوگا اور انشائ اللہ 2018 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ آصف زرداری نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی کے اغوا کے واقعے پر پنجاب حکومت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اغوا کی ذمہ داری شہباز حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور انہیں اغوا کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔