آنے والی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، مسلم لیگ ن کی پی اے سی اجلاس میں دھمکی

دھرنا والوں کی خواہش ہے کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال ہو، دھرنا اگلے دو دنوں میں ختم کرادیں گے، آئی جی کی پی اے سی کو بریفنگ سیف سٹی منصوبہ کی لاگت 13 ارب منصوبہ سے اسلام آباد میں سکیورٹی بہتر ہوئی ہے،حکومت اگلے دس سال تک نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرکے سابقہ چھ سو ارب کے منصوبے مکمل کرے، پی اے سی کی ہدایت اجلاس میں مسلم لیگ ن اور اپوزیشن اراکین مابین شدید جھڑپ ، ایک دوسرے پر تنقید خورشید شاہ مسلم لیگ ن کے میاں منان کو تھپکی دے کر ٹھنڈا کرتے رہے، شیخ رشید اور شیخ روحیل اصغر کی ایک دوسرے پر ہلکی پھلکی فقرے بازی

منگل 14 نومبر 2017 23:01

آنے والی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، مسلم لیگ ن کی پی اے سی اجلاس میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں دھمکی دی ہے کہ چار سالوں میں نواز شریف کی حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا آئندہ جو بھی حکومت آئے گی اس کو کام نہیں کرنے دیں گے اور جام کردیں گے۔ یہ دھمکی مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں منان نے اجلاس میں دی جس کی صدارت خورشید شاہ کررہے تھے پی اے سی اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری دھرنا کے حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے کہا کہ دھرنا اگلے دو دن میں ختم ہوجائے گا دھرنا والے چاہتے ہیں ان کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال ہو۔

پی اے سی کے چیئرمین نے کہا وفاقی حکومت 600 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر چکی ہے ان کی تکمیل تک کوئی نیا منصوبہ شروع نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

پی اے سی اجلاس سید خورشید شاہ کی صدارت میں ہوا۔ جس میں سیف سٹی منصوبہ اسلام آباد اور نولانگ ڈیم پر بریفنگ دی گئی۔ ائی جی خالد خٹک نے کہا 12.4 کروڑ ڈالر لاگت سے سیف سٹی منصوبہ شروع کیا گیا تھ اجس کی بدولت اسلام آباد میں گزشتہ چار سالوں سے کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوسکا۔

منصوبہ کے تحت 1700 کیمرے شہر میں مختلف جگہوں پر نصب ہیں سیف سٹی منصوبہ سے شہر کی سکیورٹی میں بہتری آئی ہے اغواء کی وارداتوں میں ملوث 73 کیسز حل کرلئے گئے ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ کیمرے فور جی ٹیکنالوجی سے منسلک ہیں جن کی مدد سے گاڑی کی شناخت کرلی جاتی ہے اور چوروں، ڈاکوئوں اور دہشت گردوں کے چہروں کی شناخت بھی کرلی جاتی ہے۔ کیمرے سکیورٹی کیلئے ہیں ان کا کمرشل استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔

دو سو چوالیس وہیکل کیمرہ نصب ہیں جن کے ذریعے اس جگہ کا تعین کیا جاسکتا ہے ۔ پی اے سی رکن اعظم سواتی نے کہا کیمرے بڑی بڑی عمارتوں پر ن صب ہونے چاہئیں محمود اچکزئی نے کہاکہ سکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹیوں کا ٹائم کم کیا جائے ائی جی اسلام اباد نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبہ پر سالانہ 60 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ 847 پولیس اہلکار اس منصوبہ کے تحت تعینات ہیں مزید 300 اہلکار اس منصوبے کیلئے بھرتی کئے جائیں گے۔

آئی جی نے کہا کہ مسائل کا حل اب نادرا کی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ منصوبہ ابھی تک ہمارے حوالے نہیں کیا گیا ۔ اس منصوبہ کی بدولت کار چوری موبائل اور پرس چوری کی وارداتوں میں کمی ائی ہے پی اے سی کے 60 پولیس اہلکاروں کو کوئی سہولت دی جائے جس پر آئی جی نے کہا کہ مجھے بھی گھر ابھی ملا ہے ہماری رہائش کے بڑے مسائل ہیں۔ نولانگ ڈیم منصوبہ کے حوالے سے واپڈا حکام نے بتایا کہ منصوبہ کا پی سی ون 14 ارب سے زائد کا منظوری کے لئے جمع کرا دیا ہے جبکہ گیارہ اعشاریہ سات ارب کی منظوری بھی دی گئی ہے منصوبہ کے لئی2010-11 میں 15 کروڑ جاری کئے گئے تھے ۔

پی اے سی چیئرمین نے کہا کہ 14 ارب کا منصوبہ کی لاگت بڑھ کر 131 ارب روپے تک ہو گئی ہے خورشید شاہ نے کہا کہ افسران شاہی کی بدولت بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ کی لاگت بھی 35 ارب روپے سے 105 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جس میں اربوں روپے کر کرپشن بھی ہوئی ہے ۔ حکومت کے اس سال ترقیاتی منصوبوں کے لئے 3600 ارب مختص کئے گئے ہیں اجلاس میں شیخ رشید ، میاں منان، شیخ روحیل اصغر ، محمود اچکزئی ، اعظم سواتی اور چوہدری تنویر نے شرکت کی اجلاس میں مسلم لیگ ن اور اپوزیشن اراکین مابین شدید جھڑپ بھی ہوئی اور ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہے۔ خورشید شاہ مسلم لیگ ن کے میاں منان کو تھپکی دے کر ٹھنڈا کرتے رہے شیخ رشید اور شیخ روحیل اصغر کی ایک دوسرے پر ہلکی پھلکی فقرے بازی۔