نیشنل تھیٹر فیسٹیول کے آخری ہفتہ میں دو ڈرامے ’’مگر‘‘ اور ’’چار لاچار‘‘ پیش کئے گئے

منگل 28 نومبر 2017 22:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2017ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام ہونے والے نیشنل تھیٹر فیسٹیول کے آخری ہفتہ میں دو ڈرامے ’’مگر‘‘ اور ’’چار لاچار‘‘ پیش کئے گئے۔ ڈرامہ ’’مگر‘‘ ارشد منہاس کی ہدایت میں پیش کیا گیا جو کہ ایک علامتی ڈرامہ ہے جس میں پاکستان کے موجودہ حالات اور تاریخ کو علامتی طریقے سے دکھایا گیا۔

ڈرامہ میں ایک لڑکی کو عوام بنا کر پیش کیا گیا جو کہ سو رہی ہے اور مختلف لوگ اسے جگانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر عوام بیدار نہیں ہو رہی۔ ڈرامے میں ایک کرسی کو دکھایا گیا ہے جس کیلئے سب آپس میں لڑائی کر رہے ہیں۔ اس ساری لڑائی سے تنگ آکر عوام پھانسی کے پھندے سے لٹک جاتی ہے اور وہ سب آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرامے میں پاکستانی سیاسی حالات کو بھِی اجاگر کیا گیا ہے۔

فیسٹول میں پیش ہونے والا دوسرا ڈرامہ ’’چار لاچار‘‘ فاروق قیصر کی ہدایت میں پیش کیا گیا جو اپنے کردار ’’انکل سرگم‘‘ کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔ ڈرامہ ایک مزاحیہ کہانی ہے جس میں ایک غریب گھرانے میں تین بھائی بلکل نکمے ہیں اور اپنی اکلوتی بہن کی کمائی پر جی رہے ہیں۔ ڈرامے میں دکھایا جاتا ہے کہ کس طرح وہ اپنی بہن کی شادی رکواتے ہیں تاکہ ان کی کمائی کا زریعہ ان کے پاس رہے۔ اس پوری کہانی کو مزاح کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں نے بے حد پسند کیا۔فیسٹول میں (آج) بدھ کو بھی دو ڈرامے ’’تصادم‘‘ اور ’’دو ڈراموں کی شام‘‘ پیش کئے جائیں گے۔