Live Updates

نوازشریف قوم کی نگاہوں میں اپنی حیثیت کھو چکے ہیں ،تحریک چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے، سید قائم علی شاہ

نوازشریف نے ہمیشہ سندھ کو نظرانداز کیا ہے، عمران خان شوقین ہیں پھر شادی کر لیں گے، ہم نے 9 سال میں سندھ میں 11 یونیورسٹیاں قائم کیں

بدھ 20 دسمبر 2017 22:22

نوازشریف قوم کی نگاہوں میں اپنی حیثیت کھو چکے ہیں ،تحریک چلانا ان کے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف قوم کی نگاہوں میں اپنی حیثیت کھو چکے ہیں تحریک چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے، نوازشریف نے ہمیشہ سندھ کو نظرانداز کیا ہے، عمران خان شوقین ہیں پھر شادی کر لیں گے، ہم نے 9 سال میں سندھ میں 11 یونیورسٹیاں قائم کیں پھر بھی کہتے ہیں کہ پی پی نے کچھ نہیں کیا۔

وہ پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر سید علی نواز شاہ رضوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر زاہد علی بھرگڑی، پرویز انصاری، آفتاب خانزادہ، امان اللہ سیال اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور یہ جمہوریت کے لئے اچھی نہیں ہے، ہمیں اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے سینٹ میں آ کر اچھی روایت قائم کی ہے، سیاسی جماعتوں پر منحصر ہے کہ وہ اس صورتحال کا کس طرح سامنا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جمہوریت اور پی پی کو نقصان پہنچایا وہ اب کس منہ سے تعاون کی اپیل کر رہے ہیں، ڈاکٹر عاصم حسین اور پی پی کے دیگر رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات قائم کرائے گئے اور اب الیکشن سے قبل مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اداروں سے ٹکرائو کسی بھی صورت جمہوریت کے لئے اچھا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک چلانا ن لیگ کے بس کی بات نہیں ہے انہیں چاہیے کہ اداروں کو مضبوط کریں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بننے کا بہت شوق ہے مگر ان کو اخلاقی دائرے میں رہ کر بات کرنا نہیں آتی، وہ شوقین مزاج آدمی ہے پھر شادی کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کو میرے دور میں گنے کے ریٹ ملے اور اب بھی وہ جلد بازی نہ کریں، سندھ میں شوگرملیں چلنا شروع ہو گئی ہیں یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے جلسہ میں پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، جیالے انتخابات کے لئے تیار رہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی ہوتی رہے گی اس سے عام انتخابات کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، انہوں نے کہا کہ وہ خوابوں کی دنیا میں نہیں رہتے، پی پی کا مستقبل روشن ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات