امریکہ دنیا کا جھوٹا اور مکار ترین ملک ،ا س نے پوری دنیا کے امن کو تباہ کردیا،

امریکہ آج تک دنیا کو عراق اور افغانستان پر حملوں اور لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کا کوئی جواز فراہم نہیں کر سکا ،عراق پر کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر امریکہ نے دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ بولا ، امریکہ میں موجود صیہونی لابی اور بھارت ٹرمپ کو مسلسل پاکستا ن کے خلاف اکسار ہے ہیں ، امریکہ افغانستان میں بری طرح ناکام ہوچکا ، اب وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق پاکستان پر الزام تراشی کررہاہے ، ہم اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتے ہیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان پر ردعمل کا اظہار

منگل 2 جنوری 2018 20:56

امریکہ دنیا کا جھوٹا اور مکار ترین ملک ،ا س نے پوری دنیا کے امن کو تباہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ امریکہ دنیا کا جھوٹا اور مکار ترین ملک ہے جس نے پوری دنیا کے امن کو تباہ کردیاہے ، امریکہ آج تک دنیا کو عراق اور افغانستان پر حملوں اور لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کا کوئی جواز فراہم نہیں کر سکا ،عراق پر کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر امریکہ نے دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ بولا۔

امریکہ میں موجود صیہونی لابی اور بھارت ٹرمپ کو مسلسل پاکستا ن کے خلاف اکسار ہے ہیں تاکہ اسلحہ کے امریکی تاجروں کا تباہ کن اسلحہ کا کاروبار ترقی کرسکے ۔ امریکہ افغانستان میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق پاکستان پر الزام تراشی کررہاہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک آزاد و خود مختار ملک ہے اور ہم اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکہ کی دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ۔ ہمارے 70 ہزار سے زائد لوگ اس جنگ میں مارے گئے اور سو ارب ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان اٹھانا پڑا ۔ انہوںنے کہاکہ آئے روز افغانستان کا بارڈر کراس کر کے دہشتگرد پاکستانی سرحدی چوکیوں پر کئی بار حملے کر چکے ہیں جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ دہشتگردوں کے کیمپ افغانستان میں ہیں اور بھارت کے افغانستان میں بے تحاشا قونصل خانے دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں ۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ٹرمپ اپنے متنازعہ بیانات اور شخصیت کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک غیر سنجیدہ اور لاابالی شخص کے طور پر پہچانا جاتاہے ۔ امریکی صدر منتخب ہوتے ہی ٹرمپ کے خلاف شدید عالمی ردعمل میں اس خطرے کا اظہار کیا گیاتھا کہ ٹرمپ جیسے شخص کا امریکی صدر منتخب ہونا دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شام میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد ٹرمپ نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر دنیا کو ایک تباہ کن عالمی جنگ کے دھانے پر کھڑا کردیاہے اور اب ٹرمپ اپنے بیانات سے آگ بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہیں ، امریکہ اپنی امداد اپنے پاس رکھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سیاسی و عسکری قیادت کو امریکی جنگ سے فوری علیحدگی اور اس جنگ میں پاکستان کو پہنچنے والے بھاری جانی و مالی نقصان کا امریکہ سے تاوان طلب کرناچاہیے ۔

سراج الحق نے کہاکہ ہم امریکہ کی گیدڑ بھبھکیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ۔ پوری قوم امریکہ کے مکروہ عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کی پشت پر ہے ۔ ہم ڈرنے ، جھکنے یا دبنے والے نہیں، امریکی قیادت کو ٹرمپ کے بیانات کی وضاحت کرنی چاہیے۔