نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے تحت گریجویٹس اور انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹ کی رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا

منگل 30 جنوری 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے تحت گریجویٹس اور انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹ کی رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل ہائر ایجوکیشن کی جانب سے نئی ایکریڈیٹیشن کونسل بنائی گئی ہے جس کے قیام کا مقصد بیچلر لیول کے متفرق ڈگری پروگراموں کی مانیٹرنگ اور تصدیق کرنا ہے۔ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ نیشنل رجسٹر آف ٹیکنالوجسٹ کا قیام عمل میں لائے گی اور ان تمام ٹیکنالوجسٹ کی رجسٹریشن کی جائے گی جو ایف ایس سی پری انجینئرنگ، آئی سی ایس، ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ یا مساوی ڈگری کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منظور شدہ اعلیٰ تعلیمی ادارے سے ٹیکنالوجی میں چار سالہ ڈگری مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وہ ٹیکنالوجسٹ جن کی 16 سالہ تعلیم اور 130-140 کریڈٹ آورز مکمل ہوں گے، وہ بھی نیشنل ٹیکنالوجی کونسل سے رجسٹریشن کروانے کے اہل ہوں گے۔ یاد رہے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے ذریعے انجینئرنگ ٹیکنالوجی ڈگری پروگراموں کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا ہے اور ’’گریجویٹ انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹ‘‘ اور ’’پروفیشنل انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹ‘‘ میں مناسب فیس کے ساتھ رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔

وہ گریجویٹس جن کے پاس بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی، بی ٹیک (آنرز)، بی ٹیک، بی ایس (ٹیکنالوجی)، بی ای (ٹیکنالوجی)، بی ایس سی ٹیکنالوجی یا ان ڈگری پروگراموں کے مساوی ڈگری ہو وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ تعلیمی اسنادکی فوٹو کاپی دکھا کر نیشنل ٹیکنالوجی کونسل سے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں تاہم دسمبر 2021ء کے بعد صرف نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے منظور شدہ پروگراموں کے فارغ التحصیل طلبہ کی ہی رجسٹریشن کی جائے گی۔

پروفیشنل انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹ کی رجسٹریشن کے لئے امیدواروں کو متعلقہ ٹیکنالوجی میں پانچ سالہ تجربہ کے حامل افراد کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد کی فوٹو کاپی اور عملی تجربہ کے سرٹیفیکیٹ مہیا کرنے ہوں گے۔ بیرون ملک کے تعلیمی اداروں سے حاصل کی گئی ڈگری کی صورت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مساوی ڈگری کا سرٹیفیکیٹ لینا ضروری ہوگا۔ رجسٹریشن کے عمل کے بعد کامیاب امیدواروں کو ایک رجسٹریشن نمبر اور سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :