عابد باکسر کی گرفتاری، بااثر شخصیات نے عابد باکسر کی پاکستان منتقلی میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کردیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 فروری 2018 12:48

عابد باکسر کی گرفتاری، بااثر شخصیات نے عابد باکسر کی پاکستان منتقلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 فروری 2018ء) : سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو گذشتہ ہفتے دبئی میں گرفتار کیا گیا جہاں سے انٹرپول کی مدد سے عابد باکسر کو پاکستان منتقل کیا جانا تھا۔ لیکن عابد باکسر کی پاکستان منتقلی میں بااثر شخصیت نے رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی ہیں۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق عابد باکسر کو کس طرح بچانا ہے اور کس طریقہ سے عابد باکسر کی پاکستان آمد کو روکنا ہے ، کس طرح عابد باکسر کے جعلی مقابلوں کی حقیقت پرپردہ ڈالنا ہے، ان تمام معاملات کے حوالے سے اہم ترین شخصیات نے کام شروع کر دیا ہے۔

عابد باکسر کے قریبی پولیس تعینات ساتھی کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جعلی پولیس مقابلوں کے حوالے سے اپنی زبان بند رکھیں اور پولیس کے کئی اہم ذمہ داران ، جو عابد باکسر کو دبئی سے پاکستان منتقل کرنا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھیوں سے بھی تفتیش کرنا چاہتے ہیں ، کو بھی بااثر اور اہم شخصیات نے نہ صرف خاموش رہنے کی ہدایت کی ہے بلکہ عابد باکسر کی پاکستان منتقلی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے نہ تو کوئی لیٹر جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی انٹرپول سے اس معاملے میں کوئی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ عابد باکسر کے تمام پولیس مقابلوں میں 99 فیصد مقابلے مبینہ طور پر جعلی تھے، ان مقابلوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو بھی پولیس دباؤ اور سیاسی اثرو رسوخ کے تحت خاموش کروادیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس کو دبئی جانے یا عابد باکسر کو پاکستان لانے سے متعلق تاحال کوئی ہدایات بھی جاری نہیں کی گئیں۔ کوشش یہی کی جا رہی ہے کہ پولیس کی جانب سے ایسے کمزور دلالئل دئیے جائیں کہ عابد باکسر کی پاکستان منتقلی نہ ہو سکے۔ یاد رہے کہ عابد باکسر کو جعلی پولیس مقابلوں کا ماسٹر مائنڈ کہا جاتا تھا اور کچھ رپورٹس کے مطابق عابد باکسر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا خاص آدمی تھا۔

متعلقہ عنوان :