بنوں میں ایف سی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں 1 اہلکار شہید 3 زخمی

علاقہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 11:50

بنوں میں ایف سی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں 1 اہلکار شہید 3 زخمی
بنوں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ بنوں میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق بکا خیل کے علاقے تختی خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کے بعد فرینٹر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہوید کے علاقہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کیا گیا ہے، شہریوں کو صبح 5 بجے کے بعد گھروں سے باہرنہ نکلنے کا کہا ہے کیوں کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن ہورہا ہے، آپریشن کے لیے بھاری نفری علاقے میں پہنچا دی گئی، شہری کسی بھی مشتبہ فرد کو اپنے قریب نہ آنے دیں، دہشتگردوں کو پناہ دینے یا مدد کرنے پرسخت قانونی کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے لوئر وانا بازار میں ٹیکسی سٹینڈ کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے تھے، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب شکئی سٹینڈ کے قریب پولیس وین کے پاس زور دار دھماکہ ہوا جہاں ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے حملہ کیا گیا، اس واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جب کہ متعدد عام شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

چند روز قبل خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے تھانہ صدر کی حدود میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق اور ایک خاتون اور 11 بچوں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہوئے، پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کو ایک کھلے میدان میں کھیلتے ہوئے وہاں سے مارٹر گولا ملا جسے وہ کوئی کھیلنے کی چیز سمجھ کر اٹھا کر گھر لے گئے لیکن گھر پہنچنے کے بعد گولہ اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکہ ہوا اور اس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔