سپریم کورٹ میں یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری تیل و گھی کی فروخت ازخود نوٹس کیس کی سماعت

عدالت کا پنجاب -حکومت کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار، کیس نمٹا دیا ہے ْ ٹیٹرا پیک،پلاسٹک کی بوتلوں اور چائنیز نمک کے حوالے سے عدالت کورپور ٹ پیش کی جائے، سپریم کورٹ

جمعہ 16 فروری 2018 23:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری تیل و گھی اوردیگر مصنوعات کی فروخت سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پنجاب -حکومت کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے، صوبائی حکومت کوہدایت کی ہے کہ ٹیٹرا پیک،پلاسٹک کی بوتلوں اور چائنیز نمک کے حوالے سے کیس میں عدالت کورپور ٹ پیش کی جائے، جمعہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پنجاب حکومت کے وکیل مصطفی رمدے نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مختلف آشیاء کے نمونوں کا معائنہ کرنے کے بعد ہمیں جاری کردہ رپورٹ کی روشنی میں یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری گھی و تیل کی فروخت پر پابندی لگادی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیاہے کہ چائنیز سالٹ، ٹیٹرا پیک اور پلاسٹک کی غیر معیاری بوتلیں بھی انسانی صحت کے لئے نقصان کا باعث ہیں، تاہم ملک بھر کے بڑے بڑے ہوٹلز اور ریستورانوں میں جو گھی ا ور تیل استعمال کیاجاتاہے اس کو دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے اس حوالے سے قوانین کو سخت کرنا ہوگا، چیف جسٹس نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی اس معاملے کو دیکھنا ہوگا آپ معاونت کریں ، بعدازاں عدالت نے ٹیٹرا پیک،پلاسٹک کی بوتلوں اورچائنیز سالٹ کے بارے میں صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزیدسماعت غیر معینہ مدت کے لیئے ملتوی کردی۔