گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی بازاروں میں مشروبات کی مانگ میں اضافہ ، طبی ماہرین کی غیر معیاری مشروبات سے پرہیز کرنے کی ہدایات

منگل 27 مارچ 2018 15:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی بازاروں میں مشروبات اور پھلوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر مشروبات آلودہ اور پھل خراب ہوں تو یہ اکثر اوقات گیسٹرو کا باعث بنتے ہیں۔ گرمی اور دھوپ میں شہری موسم کی حدت سے بچنے کے لئے پھلوں اور بازار میں دستیاب مشروبات کا سہارا لیتے ہیں، ان مشروبات پر مکھیاں بیٹھی ہوں یا دھول پڑی ہو تو یہ گیسٹرو کا سبب بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق گیسٹرو کی زد میں زیادہ تر بچے آتے ہیں، مرض کی علامات میں معدے اور پیٹ میں درد، قے آنا اور گلے اور سینے میں جلن وغیرہ شامل ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں ہر دسواں فرد گیسٹرو کا شکار ہو سکتا ہے، اس مرض سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ بازار کے کھانوں اور مشروبات سے پرہیز کیا جائے، بیماری بڑھنے لگے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گیسٹرو کی علامات کے ظاہر ہوتے ہی پانی کا استعمال بڑھا دینا چاہئے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو اور بیماری بروقت کنٹرول ہو جائے۔