نواز شریف 15 اپریل کو مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کریں گے، لیگی کارکن اپنے قائد کا فقید المثال استقبال کریں گے

خیبر پختونخوا کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، سوات موٹر وے جھوٹ کا پلندہ ہیں، سردار محمد یوسف

پیر 9 اپریل 2018 15:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف 15 اپریل کو مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے،15 اپریل کو مانسہرہ میں مسلم لیگ (ن) کا جلسہ تاریخ کا ایک اہم ترین جلسہ ثابت ہو گا، مسلم لیگی کارکن اپنے قائد نواز شریف کا تاریخی استقبال کر کے ثابت کردیں گے کہ ہزارہ اور مانسہرہ آج بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔

وہ بٹل میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں پشاور اور کراچی میں فوجی آپریشن کے ذریعہ دہشت گردی کا قلع قمع، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ سمیت سی پیک منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صلاحیتوں اور ملک و قوم کے ساتھ محبت و خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے تعمیر کرنے کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، یہ لوگ پہلے دھرنے دیکر اس میں ناچ گانا کرتے رہے، اب جبکہ حکو مت کی معیاد پوری ہو رہی ہے تو یہ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ترقیاتی کاموں کا جھانسہ دے رہے ہیں جو موت کے وقت کلمہ پڑھنے اور توبہ کرنے کے مترادف ہے لیکن اب ان کی توبہ قبول نہیں ہو گی اور خیبر پختونخوا کے عوام عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ان کے گناہوں کی سزا دے کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں ایک گرڈ سٹیشن تعمیر ہو چکا ہے، دو مزید تعمیر ہو رہے ہیں۔ اجتماع سے ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام، ممبران ضلع کونسل حاجی سردار عبد القدیر، سید شریف حسین شاہ، جاوید سالار، ناظم وی سی آہل محمد ساجد، سید پرویز علی شاہ، زر محمد ارغوشال سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :