پاکستان اوربحرین کا دہشتگردی اور اسمگلنگ کیخلاف تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:09

پاکستان اوربحرین کا دہشتگردی اور اسمگلنگ کیخلاف تعاون کو مزید فروغ ..
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے بحرینی ہم منصب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے دہشتگردی کے خلاف اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک سیکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون رکھتے ہیں۔

بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق محسن نقوی نے جمعرات کے روز منامہ میں جنرل راشد سے ملاقات کی۔سرکاری میڈیا نے اطلاع دی کہ دونوں حکام نے سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں فریقین کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان-بحرین جوائنٹ سیکیورٹی کمیٹی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

بحرینی وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں، بشمول سیکیورٹی، میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔محسن نقوی نے اپنی جانب سیانسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔رپورٹ کے مطابق بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے پر جنرل راشد نے محسن نقوی کا استقبال کیا، اور وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈپٹی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل عادل بن خلیفہ الفاضل، چیف آف پبلک سیکیورٹی فورسز اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔فروری میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے بحرینی پارلیمانی وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔چند روز قبل اسی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بحرین کے اعلیٰ سول اور عسکری حکام سے ملاقات کی تھی۔جنوری 2024 میں، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ سے ملاقات کی تھی، اور مارچ میں نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ سے بھی ملاقات کی تھی۔