اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 جولائی 2025ء) پاکستان کے فاسٹ بولنگ لیجنڈ وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے مایہ ناز کھلاڑی مچل اسٹارک کو 100 ٹیسٹ میچز مکمل کرنے پر ''جدید دور کا عظیم باؤلر‘‘ قرار دے دیا ہے۔
'کنگ آف سونگ‘ وسیم اکرم نے ہفتے کے دن کہا کہ آج کل کی کرکٹ میں کسی کھلاڑی کا سو ٹیسٹ میچ کھیلنا کوئی آسان کام نہیں بالخصوص فاسٹ بولر کے لیے۔
اسٹارک کا موازنہ اکثر وسیم اکرم سے کیا جاتا ہے۔ دونوں ہی بائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے اسٹار کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ تاہم کرکٹ ناقدین کا کہنا ہے کہ بائیں ہاتھ سے گیند کرانے والے فاسٹ بولرز میں وسیم اکرم جیسا گیند باز تاریخ میں نہیں آیا ہے۔
مچل اسٹارک ہفتے کے روز سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ایک ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کر رہے ہیں۔
(جاری ہے)
انسٹھ سالہ وسیم اکرم نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''آج کے دور میں 100 ٹیسٹ میچز کھیلنا بہت بڑی بات ہے، میں اسٹارک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس (تسلسل) سے ان کی صلاحیت اور عزم کا پتا چلتا ہے۔
‘‘کتنے کھلاڑی سو ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں؟
35 سالہ اسٹارک یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے 83 ویں اور آسٹریلیا کے 16ویں کھلاڑی بنیں گے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ صرف دوسرے فاسٹ باؤلر ہیں۔ اسٹارک سے قبل گلین میکگرا یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
وسیم اکرم نے مزید کہا، ''100 ٹیسٹ کھیلنا ثابت کرتا ہے کہ اسٹارک کتنا مستقل مزاج رہا ہے اور یہ بھی کہ اس کی ترجیحات کیا ہیں یعنی ریڈ بال کرکٹ۔
‘‘وسیم اکرم کے بقول اسٹارک نے ٹی ٹوئنٹی اور لیگ کرکٹ بھی کھیلی ہے، مگر ان کی اصل پہچان ٹیسٹ کرکٹ ہے اور ان نزدیک وہ ''جدید دور کے عظیم باؤلر‘‘ ہیں۔
اسٹارک اب تک 395 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیں گے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ وسیم اکرم کے قریب ہی ہے۔
سن 2002 میں ریٹائرمنٹ لینے والے وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز میں414 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ اپنے کیریئر میں انہوں نے اور اسٹارک دونوں نے ہی ''جسم کے ہر جوڑ اور ہر حصے میں چوٹیں برداشت کی ہیں‘‘۔
سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا، ''لوگ اکثر ہمارا (وسیم اکرم اور مچل اسٹارک کا) تقابلی جائزہ کرتے ہیں، مگر ہم مختلف ادوار میں کھیلے ہیں۔ ان (اسٹارک) کے پاس رفتار بھی ہے، سوئنگ بھی ہے اور خاص طور پر نئی گیند سے وہ نئے بلے بازوں کے خلاف بڑی ذہانت سے بولنگ کر رہے ہیں۔
ادارت: عاصم سلیم