وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ڈی ایس پی رحمین خان کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:09

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ڈی ایس پی رحمین خان کی شہادت پر انہیں خراج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ڈی ایس پی رحمین خان کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی رحمین خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید ڈی ایس پی کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ رحمین خان قوم کے سر کا تاج ہیں،بہادر ڈی ایس پی رحمین خان نے جان دے دی لیکن فرض پر آنچ نہیں آنے دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید ڈی ایس پی رحمین خان جیسے بہادر سپوت خیبر پختونخوا پولیس کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے جری افسروں اور جوانوں کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید ڈی ایس پی رحمین خان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔