اللہ مجھ سے پوچھے گا دنیا میں کیا کام کیا تو کہوں گا میرٹ پر کام کیا، وزیراعظم

مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، ہم نے مخلصانہ کوششیں کیں اور معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا، آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے پر ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے؛ اڑان پاکستان سمر سکالرز کیلئے منتخب طلبہ سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 12 جولائی 2025 16:51

اللہ مجھ سے پوچھے گا دنیا میں کیا کام کیا تو کہوں گا میرٹ پر کام کیا، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، 2023ء میں اکثریت کا خیال تھا ملک خدانخواستہ دیوالیہ ہو جائے گا تاہم مجھے یقین تھا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ہم نے مخلصانہ کوششیں کیں اور معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا، اللہ مجھ سے پوچھے گا دنیا میں کیا کام کیا تو کہوں گا میرٹ پر کام کیا۔

اسلام آباد میں اڑان پاکستان سمر سکالرز کے لیے منتخب طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت یہ ایک بہترین اقدام ہے، پروگرام میں ملک کے ہر کونے سے نوجوانوں کی نمائندگی ہے، نوجوان سپر سٹارز کی کہکشاں سے بہت متاثر ہوا ہوں، سکالرز پروگرام کے شرکاء کو گورننس سے متعلق امور سمجنے کا تجربہ ہوگا، اس پروگرام میں بہترین صلاحتوں کے حامل نوجوان بہترین جامعات سے آئے ہیں، شرکا کو مختلف شعبوں، وزارتوں اور محکموں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملک کی تعمیر و ترقی میں عملی شرکت کا موقع دینا ایک بہترین اور تاریخی اقدام ہے، اس پروگرام میں پاکستان کے ہر کونے سے آئے ہوئے باصلاحیت نوجوانوں کی نمائندگی ہے جو ملک کا روشن مستقبل ہیں، ان کی قابلیت، جذبے اور لگن سے بے حد متاثر ہوا، اس سکالرز پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو گورننس، پالیسی سازی اور ریاستی اداروں کی عملی کارکردگی سے سیکھنے اور سمجھنے کا نادر موقع میسر آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے نوجوان پاکستان کی ممتاز جامعات سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں اعلیٰ صلاحیتیں موجود ہیں، یہ نوجوان مختلف وزارتوں، شعبہ جات اور محکموں میں براہِ راست مشاہدہ اور سیکھنے کا تجربہ حاصل کر رہے ہیں جو ان کے لیے قیمتی سرمایہ بنے گا، جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان ایک شدید معاشی بحران سے گزر رہا تھا، مجھے یقین تھا ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے، حکومت نے نہایت مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا اور پوری مخلصانہ کوشش کے ساتھ فیصلے کیے، باقی معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا ہے، حالاں کہ جون 2023ء میں جب وہ پیرس میں موجود تھے تو معاشی حالات انتہائی خطرناک دکھائی دے رہے تھے، اس وقت اکثریت کا خیال تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا“، تاہم میں اور میری ٹیم پرُامید تھی کہ ملک اس بحران سے نکل آئے گا، اس وقت پاکستان کی معیشت کی حالت دگرگوں تھی لیکن یقین تھا مختصر مدت میں آئی ایم ایف سے نیا پروگرام حاصل کر لیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے اہم ملاقات کے بعد بحران پر قابو پانے کی راہ ہموار ہوئی، ہم نے وزرا، بیوروکریٹس اور ماہرین کے ساتھ مل کر ایک لائحہ عمل مرتب کیا جو اگرچہ دشوار تھا مگر اللہ کے کرم اور ٹیم ورک کی بدولت مثبت نتائج سامنے آئے، بنائے گئے معاشی لائحہ عمل پر عملدرآمد اب بھی ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن ٹیم ورک، اتحاد اور خلوص نیت سے یہ چیلنجز بھی عبور کیے جا رہے ہیں، پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور ترقی کا سفر جاری ہے۔