1973 ء کا آئین وفاق کی ضمانت ہے،بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی نے قوم کو متفقہ عمرانی معاہدے، جس میں تمام وفاقی اکائیوں کو متحد رکھا ہے، کا تحفہ دینے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا

منگل 10 اپریل 2018 23:56

1973 ء کا آئین وفاق کی ضمانت ہے،بلاول بھٹو زرداری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 1973ع کا آئین وفاق کی ضمانت ہے۔ انہوں نے قوم کو متفقہ عمرانی معاہدے، جس نے تمام وفاقی اکائیوں کو متحد رکھا ہے، کا تحفہ دینے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم دستور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آمریتی رجیمز نے 1973ٰ کے آئین کا اصل چہرہ مسخ کردیا۔

10 اپریل 1986ع کو جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس آنے کے بعد اور اس سے پہلے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت و آئین کی بحالی کے لیئے بڑی بھادری سے جدوجہد کی۔ جس کی پاداش میں آمریتی رجیم نے انہیں قید تنہائی میں رکھا اور پی پی پی کے ہزاروں کارکنان کو جسمانی اذیتیں دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہ صدر آصف علی زرداری کی زیر قیادت پاکستان پیپلز پارٹی ہی کی حکومت تھی، جس نے 18ویں ترمیم کے ذریعے اپنے اختیارات سے دستبردار ہوکر 1973ع کے آئین کو اصل شکل میں بحال کردیا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی کسی کو بھی 18ویں آئینی ترمیم کو ہاتھ نہیں لگانے دے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ 18ویں ترمیم کی تمام دفعات پر بلا تاخیر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین اپنے تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے اور کسی قسم کے ابھام کے بغیرتمام اداروں کا کردار بھی متعین کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم اور تمام اداروں کی ذمیداری ہے کہ وہ آئین کی حفاظت کریں اور اس پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کے بانی اجداد کے خوابوں کی تعبیر کریں۔#