چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پرسیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے صوبہ کے تمام اضلاع میں عطائیوں کے خلاف بھرپور ایکشن

پیر 16 اپریل 2018 00:40

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان نے صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرزہیلتھ ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ اور ڈدپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر سے عطائیت کے مکمل خاتمے اور عطائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر من و عن عمل کرتے ہوئے عطائیوں کے خلاف مہم فوری طور پر شروع کی جائے۔

علی جان خان نے مزید کہا کہ اس مہم میں ڈرگ انسپکٹرز کی فورس کو بھی استعمال میں لایا جائے ۔ سیکرٹری صحت نے تمام اضلاع کے افسران کو کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم کے بعد عطائی کسی ماتحت عدالت کے احکامات کا سہارا نہیں لے سکیں گے۔

(جاری ہے)

علی جان خان نے محکمہ صحت کے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر ‘ اسسٹنٹ کمشنر اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے عطائیوں کے خلاف ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے بعد پولیس عطائیوں کے خلاف آپریشن میں محکمہ صحت اور ضلعی افسران کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی جس کے لئے پولیس حکام کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے سی ای اوز ہیلتھ کو ہدایت کی کہ بڑے سیٹ اپ چلانے والے ایسے عطائی جو آپریشن اور ڈینٹل پروسیجر بھی کرتے ہیں ‘ ڈرپس و انجکشن کا استعمال کرنے والے بڑے عطائیوں کے خلاف پہلے کارروائی کی جائے۔

سیکرٹری صحت نے مزید کہاکہ محکمہ صحت کے کچھ ملازم بھی جو دفتری اوقات کے بعد کلینک چلاتے ہیں وہ محکمہ کیلئے بدنامی کا باعث ہیں اٰن کے خلاف بھی فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے عطائی کلینک بند کئے جائیں‘ انہوں نے کہا کہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ایچ آئی ایس ڈی یو آج شام تک اینڈ رائڈ ایپ تیارکر دے گا اور عطائیوں کے خلاف کئے جانے والے تمام چھاپے اینڈ رائڈ ایپ کے ذریعے ردسٹرڈ کئے جائیںگے۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے ہدایت کی کہ مذکورہ احکامات پر بلاامتیاز سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گااور نہ ہی کوئی کوتاہی برداشت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :