ووٹوں کے اندراج کے حوالے سے تمام سکولوں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے، حافظ سرفراز خان

پیر 16 اپریل 2018 12:18

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس (زنانہ) ہری پور کے فوکل پرسن برائے الیکشن کمیشن اے ڈی ای او پی اینڈ ڈی حافظ سرفراز خان نے کہا ہے کہ ووٹوں کے اندراج کے حوالہ سے تمام سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے، تمام پٹوار سرکلز میں 27 مارچ سے ڈسپلے سنٹر قائم کئے گئے ہیں جن میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹوں کے اندراج اور تبدیلی و درستگی کے حوالہ سے رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

تمام تر فارم مفت فراہم کئے جاتے ہیں، یہ سنٹر کسی بھی نزدیکی پرائمری سکول میں قائم کئے گئے ہیں، عوام اپنا ووٹ چیک کرنے کیلئے 8300 پر اپنا قومی شناختی کارڈ بھیج کر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کی پرنسپلز اور ہیڈ مسٹریس کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سرفراز خان نے کہا کہ الیکشن ایک قومی فریضہ ہے جس کے انعقاد کیلئے تمام تر ملازمین کو پوری تندہی سے کام کرنا چاہئے، طالبات اپنے والدین کو ڈسپلے سنٹرز کے حوالہ سے آگاہی فراہم کریں تاکہ کوئی مرد و عورت ووٹ کے حق سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 اپریل سے پولنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تربیت شروع ہو گی جو 5 مئی تک جاری رہے گی، تمام سکول سربراہان اپنے سٹاف کو مقررہ دن تربیت کیلئے ضرور بھیجیں۔ سرفراز خان نے سکولوں میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے سکول سربراہان کو کہا کہ وہ محکمہ تعلیم کے منظور شدہ معیار اور پی ٹی سی گائیڈ لائنز کے مطابق تعمیراتی کام مکمل کروائیں، تمام تر تعمیراتی کام کے حوالہ سے پی ٹی سی بالخصوص سکول سربراہ ذمہ دار اور جوابدہ ہے، ضلعی دفتر کی طرف سے کوئی تعمیراتی فرم یا ٹھیکیدار کام کیلئے نامزد نہیں ہے، اس حوالہ سے پی ٹی سی خود مختیار ہے۔