پنجاب حکومت کا 500 ارب کی عوامی فنڈز سے منافع بخش سرمایہ کاری کا فیصلہ

منگل 14 اکتوبر 2025 19:38

پنجاب حکومت کا 500 ارب کی عوامی فنڈز سے منافع بخش سرمایہ کاری کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت نے غیر استعمال شدہ عوامی فنڈز کو منافع بخش سرمایہ کاری میں استعمال کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 500 ارب روپے کی خطیر رقم کیش مینجمنٹ فنڈ میں بطور سرمایہ کاری مختص کر دی ہے۔محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق رواں مالی سال 2025-26کی پہلی ششماہی کے دوران اس سرمایہ کاری سے 12ارب روپے تک منافع حاصل ہونے کی توقع ہے جبکہ پورے سال میں 30ارب روپے کا منافع حاصل ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال میں بھی پنجاب حکومت نے 400ارب روپے صوبائی خزانے سے سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کیے تھے، جس کے نتیجے میں 13ارب روپے کا منافع حاصل ہوا۔حکام کے مطابق اب سرکاری محکموں کی بچی ہوئی غیر استعمال شدہ رقم کو صوبائی آمدنی بڑھانے کے لیے منظم طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، جو کیش فلو کو بہتر بنانے اور مالی نظم و ضبط قائم رکھنے کا ایک موثر ذریعہ بن رہا ہے۔محکمہ خزانہ کے مطابق کیش مینجمنٹ فنڈ پنجاب حکومت کے مالی وژن کا اہم ستون ہے جس کا مقصد صرف منافع حاصل کرنا نہیں بلکہ بجٹ خسارہ کم کرنا اور مالی استحکام کو یقینی بنانا بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :