آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی میو ہسپتال آمد

منگل 14 اکتوبر 2025 21:34

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی میو ہسپتال آمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور مریدکے میں شرپسند جتھوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے زیر علاج پولیس افسران و اہلکاروں کی عیادت کی۔آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حوصلہ بڑھاتے ہوئے بہادری سے فرائض انجام دینے پر شاباش دی۔

آئی جی پنجاب نے زیر علاج پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سینوں پر گولیاں کھانے والے پولیس جوانوںپر فخر ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج زخمیوں میں اے ایس آئی سلیم، کانسٹیبل محسن، کانسٹیبل مجاہد اور کانسٹیبل علی اکبر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مریدکے میں مشتعل جتھوں کے تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پنجاب پولیس کا ایک افسر شہید جبکہ 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 17 اہلکار مسلح جتھوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب کے ہمراہ اے آئی جی ایڈمن اینڈ سیکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ایس پی سٹی ڈویژن لاہور بلال احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔