خیبر پختونخوا کا بجٹ 5 مئی کو پیش کریں گے، جماعت اسلامی نے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار نبھایا ہے، وزیر خزانہ

پیر 16 اپریل 2018 12:18

خیبر پختونخوا کا بجٹ 5 مئی کو پیش کریں گے، جماعت اسلامی نے عوام کو سہولیات ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ 5 مئی کو پیش کرنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں، جماعت اسلامی نے اپنے اتحادی جماعت سے ملکر صوبہ کے عوام کو سہولیات فراہمی میں اہم کردار نبھایا ہے، آئندہ الیکشن میں ہمیں بھرپور پذیرائی ملے گی اور حکومت میں جماعت اسلامی کا بڑا ہاتھ ہو گا۔

وہ گذشتہ روز جلال بابا آڈیٹوریم میں اسلامک ہومیو پیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ورلڈ ہومیو پیتھی ہانیمن ڈے کے موقع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آئی ایچ ایم اے پاکستان کے صدر ڈاکٹر میاں محمد اجمل، نائب صدر ڈاکٹر زاہد خان، ڈاکٹر محمد صدیق، ڈاکٹر محمد سلطان، ممبر ضلع کونسل سردار فخر عالم گل، جماعت اسلامی پی کے 39 کے نامزد امیدوار امجد خان جدون، ہومیو کونسل کے امیدوار ڈاکٹر احمد اعجاز، جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری مفتی زین العابدین سمیت مرد و خواتین ڈاکٹر اور صوبہ کی اہم شخصیات شریک تھیں۔

(جاری ہے)

اسلامک ہومیو پیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے قبل ازیں اپنے خطاب میں کہا کہ ہومیو پیتھک دنیا کا دوسرا بڑا علاج ہے ، ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی اپنے مفادات کیلئے اس پر اثر انداز ہو رہی ہیں اس کے باوجود ہومیو کالجز نے نامساعد حالات کے باوجود ملک کو ڈیڑھ لاکھ ڈاکٹر دیئے، حکومتی سرپرستی ہو تو عوام کو سستا اور معیاری علاج مہیا کرنے میں مزید آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ دھرتی کیلئے ہمیشہ جذباتی فیصلے کئے گئے اور ایک دوسرے کو گرانے کی کوششیں کی گئیں، صوبہ میں قدرتی وسائل کی کمی نہیں، لوگ ہومیو پیتھک طریقہ علاج سے مطمئن ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ایم ایم اے دور حکومت کے بعد اس کی اہمیت سے انکار کرتے ہوئے صوبہ کی ہسپتالوں کی او پی ڈی میں ہومیو ڈاکٹر کو نکالا تھا جن کی دوبار ہ بحالی کیلئے جماعت اسلامی کا ہاتھ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایڈہاک لیکچرز اور ہومیو ڈاکٹر کی بحالی پر غیرملکی جائزہ رپورٹ میں124 کے ایوان میں میرا تیسرا نمبر آیا تھا جو ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، ہم مبالغہ آرائی، کرپشن اور جھوٹ نہیں بولتے، ہمیشہ مجبور اور مزدور کو حق دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کیلئے سیکرٹری محکمہ ہیلتھ سے بات جیت کریں گے، حکومتی اداروں اور ایوانوں میں انہیں نمائندگی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :