دنیاکے تمام مذاہب کے اکابرین امن عالم کیلئے کوششیں کریں ،ْسید ابن مصطفی کا ظمی

پیر 16 اپریل 2018 15:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء)مجتہد اعظم آیت اللہ بشیر حسین نجفی کے ترجمان آقائے سید ابن مصطفی کا ظمی نے کہا ہے کہ امن عالم کے لئے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے اکابرین عظیم انسانیت کے پیغام کی ترویج کریں۔انہوں نے یہ بات حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی کی تصنیف ’’ظہورامام مہدی ؑ ایک معجزہ‘‘ جس کا ترجمہ سیدہ سنہا بخاری نے کیا ہے کی صبا ٹرسٹ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جغرافیہ ،نصب اور ارتقادات اور چپقلش کی وجہ سے جنگ و جدل کا شکار ہے دہشت گردی اور فرقہ واریت نے معاشرے کوتباہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے اپنی بلند پایہ تصنیف میں انہی پیشین گوئیوں کی بات کی ہے کہ جب ایسے واقعات ظہور پذیر ہونگے تو حضرت امام مہدی ؑ کا ظہور ہوگا اور انکی تشریف آوری کے بعد جنگ و جدل ،دہشت گردی اور خون ریزی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

کتاب کی مترجم سیدہ سنہا بخاری نے کہا کہ انہیں یہ اعزاز ملاہے کہ دنیائے اسلام کے عظیم مجتہد حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی کی کتاب کا انگریزی ترجمہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی علم کا خزانہ ہیں اور انکے خیالات کی ترجمانی دنیا میں امن و سکون کا موجب ثابت ہوگی۔ مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا ہے کہ یہ دنیا کے اکثر مذاہب اور مسلمانوں کے تمام فرقوں کا ظہور امام مہدی ؑ پر اجماع ہے انہوں نے کہا کہ ایسی تصانیف سے نوجوان نسل کو راہنمائی حاصل ہوتی ہے تقریب سے نامور مورخ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ،سید سہیل بخاری ،صبا ٹرسٹ کے جنرل منیجر محمد عاصم اور جمیل اصغر بھٹی نے کتاب کے محاسن پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ سنہا بخاری نے ایک اہم کتاب کا اچھے انداز میں ترجمہ کیا ہے ۔سیدہ سنہا بخاری نے پذیرائی پر صبا ٹرسٹ کے چیئرمین صغیر اسلم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔