کلین، گرین اینڈ کلرفل کوہاٹ موٹو کے ساتھ "رنگ دے کوہاٹ" پر اجیکٹ کا افتتاح کر دیاگیا

پیر 16 اپریل 2018 17:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالدالیاس کی خصوصی ہدایت پرشروع کردہ --"رنگ دے کوہاٹ "پراجیکٹ کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے پیر کے روزراولپنڈی روڈ پر دیوارکو پینٹ کرکے اس پراجیکٹ کا باقاعدہ طور پرافتتاح کردیا۔اس مہم میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز طاہرعلی،صاحبزادہ سمیع اللہ،سرکاری محکموں کے متعلقہ حکام،نامور پینٹرز،رضاکاراور سکولوں کے اساتذہ اور بچے بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

--"رنگ دے کوہاٹ "پراجیکٹ کلین، گرین اینڈ کلرفل کوہاٹ موٹو کے ساتھ شروع کیا گیاہے ۔ کوہاٹ کوصاف ستھرا، سرسبز وشاداب اورخوبصورت و دلکش بنانے کے لئے اس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی کوہاٹ روڈ کوڈپٹی کمشنر آفس سے لے کربائی پاس پل تک پائلٹ پراجیکٹ کے طورپر لیاگیاہے جس کے تحت روڈپرگرین بیلٹ کی تعمیر، دیواروں پر خوبصورت نقش ونگاربنانا، روڈ کے دونوں اطراف سے تجاوزات کاخاتمہ،نکاسی آب کی نالیوں کی صفائی و بحالی اور کلرفل ڈسٹ بین کی تنصیب ،سٹرک کے درمیان موجود ڈیوائیڈرزکو پینٹ کرنا اور روڈ لائنز لگانا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مہم کے افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھاکہ "رنگ دے کوہاٹ "کے اس مرحلے کی کامیابی کے بعداسے شہرکی دوسری اہم شاہراہوں تک وسعت دی جائے گی۔ان کا مزید کہناتھا کہ یہ پراجیکٹ کوہاٹ کی تاریخ کا انفرادی پراجیکٹ ہے جو پورے صوبے کے لئے ایک ماڈل ثابت ہوگااور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کے عوام اپنے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔