21ویں کامن ویلتھ گیمز میں واپڈا کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی

پاکستان کے مجموعی پانچ تمغوں میں سے چار تمغے واپڈا کے کھلاڑیوں نے حاصل کئے

پیر 16 اپریل 2018 17:55

21ویں کامن ویلتھ گیمز میں واپڈا کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی
لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں نے 21 ویں کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر پانچ میڈلز حاصل کئے ، جن میں ایک گولڈ اور چار برونز میڈلز شامل ہیں ، پاکستان کیلئے واحد گولڈ میڈل واپڈا کے کھلاڑی جبکہ چار میں سے تین برونز میڈل بھی واپڈا ہی کے کھلاڑیوں نے جیتے، تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے واحد طلائیتمغہ جیتنے والے ریسلر محمد انعام بٹ کا تعلق واپڈا سے ہے ، اُنہوں نے 86کلو گرام کیٹیگری میں اپنے ملک کیلئے یہ کارنامہ سر انجام دیا ، واپڈا کے ویٹ لفٹر نوح دستگیر نے 105 کلو گرام کیٹیگری میں پاکستان کیلئے برئونز میڈل حاصل کیا ، واپڈا کے طلحہ طالب 62کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کیلئے برونز میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ، اُنہوں نے اپنی کیٹیگری میں 132کلو گرام (In Snatch)وزن کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح واپڈا کے ریسلر محمد بلال نے 57 کلو گرام کیٹیگری میں پاکستان کے لئے برونز میڈل حاصل کیا ، چیئرمین واپڈا اور کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین( ریٹائرڈ) نے گیمز میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کریں گے ، دریں اثناء واپڈا سپورٹس بورڈ کے دیگر عہدیداروں نے بھی پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے پر واپڈا کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا ، یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے میڈلز جیتنے والے واپڈا کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس بورڈ کی مراعاتی پالیسی کے تحت ملازمت میں ترقی اور نقد انعامات سے نوازا جائیگا، یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا گزشتہ پانچ دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے ، واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، جنوری 2017 ء سے اپریل 2018 ء کے دوران واپڈا کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں بشمول کامن ویلتھ گیمز گولڈ کوسٹ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 11گولڈ ، 11سلور اور 41برونز میڈل حاصل کئے، اس وقت واپڈا کی 33 ٹیمیں قومی چمپیئن جبکہ 18 رنرز اپ ہیں ، واپڈا ملک میں کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوںکے ساتھ ملک بھر سے دو ہزار 200 سے زائد کھلاڑی اور آفیشلزوابستہ ہیں۔

واپڈاکی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 65 ٹیمیں ہیں جن میں سے 37 مردوں جبکہ 28 خواتین کی ہیں ، واپڈا نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے 4 نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں، ان اقدامات میں واپڈا سپورٹس انڈائومنٹ فنڈ، واپڈا ایتھلیٹکس کولٹس، فوکس آن فٹنس اینڈ فیلڈنگ اور T-12 سکول کرکٹ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :