نعمان اور ساجد کو کھیلنے کا پلان بنالیا، دوسرے ٹیسٹ میچ میں کم بیک کے لیے پرعزم ہیں، ایڈن مارکرم

اتوار 19 اکتوبر 2025 15:50

نعمان اور ساجد کو کھیلنے کا پلان بنالیا، دوسرے ٹیسٹ میچ میں کم بیک کے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کم بیک کے لیے پرعزم ہے، پروٹینز اسکواڈ سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ پیر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میدان میں اترے گا۔ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈن مارکرم نے کہا کہ ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور تمام کھلاڑی جیت کی راہ پر واپسی کے لیے پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پہلا ٹیسٹ ہارنے کے باوجود ٹیم نے اپنی غلطیوں کا جائزہ لیا ہے اور دوسرے میچ کے لیے بہتر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ ایڈن مارکرم نے بتایا کہ تجربہ کار اسپنر کیشو مہاراج کی ٹیم میں واپسی سے سکواڈ کو زبردست تقویت ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہیں دوبارہ ٹیم کا حصہ بنانا ہمارے لیے خوش آئند ہے۔ جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کی پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے تاہم امکان ہے کہ اسپنرز ایک بار پھر اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا ہم نے پہلے میچ کے بعد اپنی حکمت عملی میں تبدیلیاں کی ہیں اور امید ہے کہ اس بار نتائج بہتر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی کنڈیشنز لاہور سے کچھ مختلف ضرور ہوں گی مگر چیلنج تقریباً ویسا ہی رہے گا۔ ہم دیکھیں گے کہ پچ کتنی جلدی اسپن ہونا شروع کرتی ہے، تاہم ہماری تیاری ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل ہے۔ ایڈن مارکرم نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر نیٹس میں زیادہ وقت گزارا ہے تاکہ برصغیر کی کنڈیشنز میں اپنی بیٹنگ کو مزید بہتر بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر مطمئن ہیں اور بطور کپتان ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم دل و جان سے کھیلیں گے اور میچ جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل (پیر) سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔