ویرات کوہلی نے انتہائی ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے ٹاپ تھری بھارتی بیٹرز کی فہرست میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 اکتوبر 2025 17:03

ویرات کوہلی نے انتہائی ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا
پرتھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 اکتوبر 2025ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے ٹاپ تھری بیٹرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
36 سالہ ویرات کوہلی آسٹریلیا کیخلاف آج پرتھ میں کھیلے پہلے ون ڈے میں مچل سٹارک کی بال پر کوئی رن بنائے بغیر پوویلین لوٹے ، ون ڈے کرکٹ میں یہ 17 واں موقع تھا جب ویرات کوہلی صفر پر آئوٹ ہوئے جب کہ مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ ان کا 39واں صفر تھا۔

آسٹریلیا میں 30 ون ڈے اننگز میں یہ پہلا موقع تھا جب کوہلی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ کوہلی نے روہت شرما کو سب سے زیادہ بار ون ڈے کرکٹ میں صفر پر آئوٹ ہونے والے بیٹرز کی فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

 

سچن ٹنڈولکر اب بھی 20 بار صفر پر آئوٹ ہوکر ون ڈے میں سب سے زیادہ بار صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے بھارتی بیٹر ہیں، اس کے بعد جواگل سری ناتھ 19 اور یوراج سنگھ اور انیل کمبلے 18،18 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

 
بھارت کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ظہیر خان تھے جو 43 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے، ایشانت شرما 40 مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوکر دوسرے ، ویرات کوہلی (39) تیسرے، ہربھجن سنگھ 37 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوکر چوتھے ، جسپریت بمراہ اور انیل کمبلے 35،35 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ کر مشترکہ طور پر 5ویں جب کہ روہت شرما 533 اننگز میں 34 صفر اور سچن ٹنڈولکر 782 اننگز میں 34 بار بغیر کوئی سکور کیے آئوٹ ہوکر مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر ہیں۔