ڈیفنس فیز ٹو اے مارکیٹ میں لگی آگ بجھا دی گئی

فائر بریگیڈ کے پاس آلات کی کمی ہے آئندہ بجٹ میں آگ بجھانے کے آلات خریدے جائیں گے، تیمور تالپور

پیر 16 اپریل 2018 18:18

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو اے مارکیٹ کے میڈیکل اسٹور کے گودام میں لگی آگ بجھا دی گئی۔ ڈی ایچ اے اور کے ایم سی کی6 فائر ٹینڈر نے تقریباً دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا، آگ کے باعث دوسری اور تیسری منزل پر واقع گودام میں دوائیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔ پولیس مطابق دوسری اور تیسری منزل پر میڈیکل اسٹور کا گودام ہے۔

(جاری ہے)

فائر بریگیڈ کے مطابق ڈیفنس میں واقع میڈیکل اسٹور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی ،آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اورتیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، واقعہ کی اطلاع ملنے پرڈی ایچ اے کے تین فائر ٹینڈر آگ پر قابو پانے کے لئے پہنچے تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے کے ایم سی کے 3فائر ٹینڈر کو بھی طلب کرلیا گیا۔آگ لگنے سے گودام میں موجود اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔پیپلز پارٹی کے رہنما تیمور تالپور بھی آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے، انہوں نے اعتراف کیا کہ فائر بریگیڈ کے پاس آلات کی کمی ہے آئندہ بجٹ میں آگ بجھانے کے آلات خریدے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :