Live Updates

پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے،عظمیٰ کاردار

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:52

پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے،عظمیٰ کاردار
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے انسداد پولیو مہم محترمہ عظمیٰ کاردار نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ ڈی سی دفتر گوجرانوالہ میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مختلف اضلاع کے دورے کر کے پولیو مہم کا خود جائزہ لے رہی ہیں۔

معاون خصوصی عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں تین دن کے دوران 9 لاکھ 53 ہزار 522 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جو کہ مقررہ ہدف کا 95 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "الحمدللہ، پنجاب میں پولیو مہم مؤثر انداز میں چلائی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال بھی پنجاب پولیو فری رہا اور ہماری کوشش ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 13 اکتوبر سے 16 اکتوبر 04 روز میں 10 لاکھ 03 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررہ کیا گیا۔

4 ہزار 59 پولیو ٹیموں نے فرائض سرانجام دیئے۔ پولیو ٹیمیں ضلع بھر میں گھر گھر/گلی گلی پہنچ کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلائی۔ معاون خصوصی نے ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور بتایا کہ ڈپٹی کمشنر خود مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی عظمیٰ کاردار نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں ملک بھر میں پولیو کے 29 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 18 خیبرپختونخوا، 9 سندھ، ایک گلگت بلتستان اور ایک پنجاب سے سامنے آیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ منڈی بہاؤالدین سے رپورٹ ہونے والی متاثرہ بچی 8 سال کی ہے، مکمل ای پی آئی ویکسین شدہ اور صحتمند ہے۔ \378
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات