مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان )کے سینئر رہنما نعیم حشمت کا شاہ فیصل ٹاؤن کا دورہ

دنیا کا ساتواں بڑااور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی حکومتی نااہلی اور کرپشن کے سبب معیاری اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ تک سے محروم ہے، بزرگوں کے وفد سے ملاقات

پیر 16 اپریل 2018 20:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان )کے سینئر رہنما نعیم حشمت نے گزشتہ روز شاہ فیصل ٹاؤن کا دورہ کیا وہاں موجود بزرگوں کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ دنیا کا ساتواں بڑااور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی حکومتی نااہلی اور کرپشن کے سبب معیاری اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ تک سے محروم ہے، میٹروپولیٹن شہر کی باشعور اور باصلاحیت عوام حکومتی تعصبانہ رویہ کے سبب بھیڑ،بکریوں کی طرح چھوٹی چھوٹی ویگنوں اور چنگچی جیسی غیر محفوظ اور تکلیف دہ ٹرانسپورٹ کے زریعے سفر کرنے پر مجبور ہے۔

نعیم حشمت نے کہا کہ دنیا بھر میں عوامی سہولیات اور ضروریات کے مدِ نظر حکومتی سطح ُپرٹرانسپورٹ کے جدید ،محفوظ اور سستے نظام متعارف کرائے جاتے ہیں ِ ، لیکن ہمارے ملک کی بدقسمتی جہاں تمام تر نظام مافیاز کے زیر سایہ ہے،شہرِ کراچی میں دیگر مافیاز کی طرح ٹرانسپورٹ مافیا بھی اتنی مضبوط اور طاقتور ہے ،جو حکومتی سطح پر بننے والے ٹرانسپورٹ نظام کی ناکامی کیلئے کسی بھی حد تک جانے کوتیار رہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کامعاشی حب کہلوانے والے شہر میں حکومتی سطح کی کوئی ایک ٹرانسپورٹ سر وس موجود نہیں جو حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

نعیم حشمت نے کہا کہ عوامی سہولیات کے نام پر اربوں روپوں کی لاگت کے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں اوراسکیموںکے اعلانات کامقصد اپنی ذاتی خواہشات اور تجوریوں کو بھرنے کیلئے ہے جو خالصتاًیہاں کے مقامی افراد کے حقوق پر ڈاکہ کے مترادف ہے،جسے کسی طورنظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔نعیم حشمت نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سابقہ وزیراعظم کی جانب سے فروری 2016 میں گرین لائن بس سروس منصوبے کا آغاز عوام دوست فیصلہ تھا جو حکومتی بد نیتی اور کرپشن کے سبب سست روی کا شکاربنادیا گیا ہے،33ارب کی مختص کی جانے والی خطیر رقم سے تعمیر کئے جانے والے 35کلومیٹر لمبی شاہراہ جس میں 37 بس اسٹیشن تعمیر کئے جانے تھے ، کرپشن اور کمیشن کے حصول کیلئے تعطل کا شکار بنادیا گیا ہے۔

نعیم حشمت نے کہا کہ عوامی سہولیات کی مدنظر تعمیر کئے جانے والا منصوبہ سست روی کا شکار ہونے کے باعث عوام کیلئے دردِ سر بنا ہوا ہے،تعمیراتی کام کے نام پر جگہ جگہ پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کی شکار ہیں ، جسکے باعث ناصرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر اور طویل طویل ٹریفک جام رہتا ہے بلکہ اکثر اوقات جان لیوا حادثات کا باعث بنتا ہے۔ #

متعلقہ عنوان :