جسٹس(ر)زاہد حسین کا جی پی او اور سپریم کورٹ رجسٹری کے علاقوں میں میٹرو ٹرین منصوبے پر جاری کام کا معائنہ‘اطمینان کا اظہارِِ

پیر 16 اپریل 2018 20:57

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے بنائی گئی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کے چیئرمین جسٹس (ر)سید زاہد حسین نے گزشتہ روزجی پی او چوک اور سپریم کورٹ رجسٹری کے علاقے کا دورہ کیاجہاں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن نے انہیں منصوبے پر جاری کام پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جی پی او سے سپریم کورٹ کی عمارت تک سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے ڈرین کی تعمیر کاکام جاری ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ دونوں اطراف سے اس سڑک کی تعمیر 25اپریل تک مکمل کر لی جائے گی او ر سپریم کورٹ رجسٹری سے نابھہ روڈ تک یہی کام 30اپریل تک مکمل کر لیاجائے گا ۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ جی پی او چوک سے نیشنل بینک تک مال روڈ کی بائیں جانب لین کی بحالی اور یوٹیلٹی سروسز کا کام بھی 30اپریل تک مکمل کر لیاجائے گا ۔چیئرمین نے تعمیراتی کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام معزز سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :