مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے، کشمیریوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ

پیر 16 اپریل 2018 21:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت میں بہنے والا نہتے کشمیریوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا، اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر پر مصالحت کا کردار اد ا کرنا چاہئے۔

پیر کو پاک کشمیر یکجہتی کونسل کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کے اعزار میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ’’استقبالیہ تقریب‘‘ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب میں پاک کشمیر یکجہتی کونسل کے چیئرمین عبدالماجد ارشاد، پی پی پی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری آزاد کشمیر شائستہ رضا، ایڈووکیٹ نبیلہ شاہ، حریت رہنما منظور حسین سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات شریک نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پی ایف یو جے کے صدر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ عقیدت کا رشتہ ہے، تحریک آزادی کشمیر زور شور پر ہے، کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی ہے، پی ایف یو جے کے پلیٹ فارم سے کشمیر ی عوام کے حق خود اردیت کے حصول کی جدوجہد ہمیشہ کی طرح جاری رہے گی۔ انہوں نے راولپنڈی اسلام آبادیونین آف جرنلسٹس، پاکستان یونین فیڈرل آف جرنلسٹس، نیشنل پریس کلب اسلام آبادکی جانب سے پاک کشمیر یکجہتی کونسل، حریت رہنمائوں سمیت سماجی و سیاسی شخصیات کے استقبالیہ پروگرام کے انعقاد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے کہاکہ افضل بٹ پورے پاکستان کے صحافیوں کے قائد ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کے حقوق کے علمبردار، حق کی آوازکے ساتھ ساتھ ایک باصلاحیت رہنما بھی ہیں۔