Live Updates

پاکستان امن چاہتا ہے مگر جارحیت کا جواب دینا بھی جانتا ہے، رانا تنویر حسین

جمعہ 9 مئی 2025 22:32

پاکستان امن چاہتا ہے مگر جارحیت کا جواب دینا بھی جانتا ہے، رانا تنویر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے واضح الفاظ میں بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت اپنی جارحانہ حرکتوں سے باز نہ آیا تو پاکستان وہ جواب دے گا کہ پوری دنیا دیکھے گی، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اس امن پسندی کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی ڈرون کے حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں، الحمدللہ اس واقعہ سے پاکستان کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بلکہ عوام اس صورتحال کو حوصلے اور عزم کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی سرحدوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے اس موقع پر بھارت کے اندرونی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بوکھلاہٹ عیاں ہے۔ بھارتی حکومت اپنی افواج کے ناکام عزائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں انڈیا میں جاری کرکٹ لیگ کو معطل کر دیا گیا ہے اور اہم ہوائی اڈوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات بھارت کی اندرونی خلفشار اور خوف کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان میں امن و امان برقرار ہے، تمام ایئرپورٹس اور فضائی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے تمام بڑے شہر اور مارکیٹیں بھی کھلی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم پٴْرعزم اور پٴْراعتماد ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور ریاست اقلیتوں کے مقدس مقامات جیسے مندروں اور گردواروں کی حفاظت کے لیے پٴْرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ اور فخر ہے، اور ہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور خطے کے امن کو داو? پر نہ لگائے۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے قوم اور افواج پاکستان ہر لمحہ تیار ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات