Live Updates

گورنر پنجاب سے فلپائن کےاعزازی قونصل جنرل کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

جمعہ 9 مئی 2025 22:48

گورنر پنجاب سے فلپائن کےاعزازی قونصل جنرل کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل فہدل شیخ نے ملاقات کی اوردونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو تعلیم، سیاحت اور تجارت کے شعبے میں بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان فلپائن کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان تعلیم، تجارت اور سیاحت کے شعبے میں تعلقات کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، بالخصوص ٹیکسٹائل اورفارماسوٹیکل سیکٹر میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں میں اضافہ ہونا چاہئے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور فلپائن کے درمیان طلبہ کے وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔ فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل فہدل شیخ نے گورنر پنجاب کو سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان اور فلپائن کے درمیان سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام جلد شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان سے دو طلبہ کسی بھی شعبے میں فلپائن میں جا کر مفت تعلیم حاصل کریں گے اوراسی پروگرام کے تحت فلپائن سے دو طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کریں گے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات