گورنرخیبرپختونخواسے تیمرگرہ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ اراکین پرمشتمل وفد اور تخت بھائی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرہاوس پشاور میں الگ الگ ملاقاتیں

جمعہ 9 مئی 2025 22:43

گورنرخیبرپختونخواسے تیمرگرہ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ اراکین ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء)گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی سے جمعہ کے روز تیمرگرہ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ اراکین پرمشتمل وفد اور تخت بھائی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرہاوس پشاور میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پیپلز لائرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر گوہر رحمان ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تیمرگرہ بار ایسوسی ایشن کے صدر سلیم خان ایڈوکیٹ اور جنرل سیکرٹری ذاکرخان ایڈوکیٹ کی قیادت میں تیمرگرہ بار کے وفد نے گورنرخیبرپختونخوا کومذکورہ بار کیلئے خصوصی گرانٹ کے اجراء کی درخواست کی اور کہاکہ خصوصی گرانٹ سے تیمرگرہ بار کے انفراسٹرکچر،سولر سسٹم کی تنصیب سمیت لائبریری کے قیام اور دیگر ضروریات پوری کی جائیں گی۔

تخت بھائی بار کے صدر سیف اللہ خان ایڈوکیٹ نے بھی گورنر کو وکلاء برادری درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ پاکستانی سیاست اور جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا ہے،وکلاء نے نہ صرف آئینی بالادستی کیلئے اواز بلندکی ہے بلکہ جمہوریت کے استحکام کیلئے بھی پیش پیش رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز لائرز فورم پارٹی کا ایک اہم اور نظریاتی ونگ ہے جو پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔وفود نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے پیپلز لائرز فورم کے ساتھ مسلسل تعاون اور پارٹی کے استحکام کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ گورنر نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے بات کی جائیگی۔تخت بھائی بار کے وفد نے گورنر کوبار کے دورے کی دعوت بھی دی۔#