Live Updates

نکاح کو آسان بنانے کے عزم کی عملی مثال خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا تیسرا مرحلہ مکمل

جمعہ 9 مئی 2025 22:43

نکاح کو آسان بنانے کے عزم کی عملی مثال  خیبرپختونخوا حکومت کی جانب ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء )خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ نکاح کے عمل کو آسان بنانا چاہیے اور اس مشن کے تحت خیبر پختونخوا حکومت نے اجتماعی شادیوں کے تیسرے مرحلے کا کامیابی سے انعقاد کیا ہے۔ اس حوالے سے جمعہ کے روزپشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں 50 نادار اور یتیم جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

صوبائی وزیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں شادی جیسا اہم فریضہ کئی خاندانوں کے لیے بوجھ بن چکا ہے۔ حکومت نے اس سماجی مسئلے کے حل کے لیے بلاسود قرضہ جات، مالی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں دلہن کو زکوٰة کمیٹی پشاور کی جانب سے دو لاکھ روپے مالی امداد اور دلہے کو بلا سود قرضے کی مد میں پانچ لاکھ روپے تک فراہم کیے گئے تاکہ وہ باعزت زندگی کا آغاز کر سکیں۔

(جاری ہے)

سید قاسم علی شاہ نے عمران خان کے فلاحی وژن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو صوبے بھر میں وسعت دی جا رہی ہے، اور آئندہ مرحلوں میں مزید اضلاع میں ایسی تقاریب منعقد ہوں گی۔تقریب میں مہمانوں کے لیے ضیافت، نوبیاہتا جوڑوں کے لیے تحائف، چیکس کی تقسیم اور شادی ہال تک پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی شامل تھی۔صوبائی وزیر نے آخر میں پروگرام کو کامیاب بنانے پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور خودمختار ساوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے یہ پروگرام ممکن ہوا، اور ایسے فلاحی جذبے کو ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات