میرپور میں جرگہ کے دوران 2 پولیس اہلکاروں کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق

منگل 17 اپریل 2018 12:08

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) میرپور میں جرگہ کے دوران دو پولیس اہلکاروں کی ایک دوسرے پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق پولیس اہلکار کی نعش اور زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، دونوں گروپ بھی ہسپتال پہنچ گئے، حالات کشیدہ ہونے کے باعث پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ رات جرگہ کے دوران دو پولیس اہلکاروں کے فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجہ میں تھانہ سٹی ایبٹ آباد میں تعینات پولیس اہلکار مظہر جاں بحق جبکہ مخالف پارٹی کا حارث شدید زخمی ہو گیا۔ وقوعہ کی اطلاع پر میرپور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق و زخمی افراد کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروپ بھی ہسپتال پہنچ گئے ہیں جس کے بعد ہسپتال کی ایمرجنسی میں حالات کشیدہ رہے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال میں موجود رہی۔ ابھی تک تھانہ میں کسی کے خلاف دعویداری نہیں کی گئی ہے۔