پاکستان الیون او رڈپٹی کمشنر الیون کے مابین نمائشی کرکٹ میچ 22 اپریل کو کھیلا جائیگا

منگل 17 اپریل 2018 15:29

سرگودھا۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان الیون او رڈپٹی کمشنر الیون کے مابین نمائشی کرکٹ میچ 22 اپریل بروز اتوار دن دو بجے سپورٹس سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔ پاکستان الیون کی قیادت قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتال مصباح الحق کریںگے جبکہ ڈپٹی کمشنر الیون کی قیادت محمد حفیظ کریںگے ۔ دونوں ٹیموں میں کامران اکمل ‘ عمراکمل ‘ عدنان اکمل ‘ حسن علی ‘ شاداب خان ‘ فہیم ا شرف ‘ آصف علی ‘ وہاب ریاض ‘ ثقلین مشتاق ‘ عبدالرزاق ‘ انضمام الحق ‘ مشتاق احمد ‘ اظہر علی ‘ محمد عامر ‘ حسنین طلعت ‘ سعید اجمل‘ فخر زمان ‘ یاسر شاہ ‘نوید لطیف ‘ اسد علی اور علی وقار شامل ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ شفیق الرحمان نیازی کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے اجلاس میں کرکٹ میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ فرید سمیت کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ کرکٹ میچ کی ٹکٹ دو سو روپے اور پانچ سو روپے مقر رکی گئی ہے جو شہر میں 9مختلف مقامات جمخانہ کلب ‘ پی ایچ اے دفتر ‘ غالب لائبریری ‘ ضلع کونسل دفتر ‘ میونسپل کارپوریشن دفتر‘ ڈپٹی کمشنر دفتر ‘ سپورٹس سٹیڈیم ‘ بینک آف پنجاب یونیورسٹی روڈ اور حبیب بینک کچہری بازار پر دستیاب ہوںگی۔

اجلاس کو بتایاگیاکہ کرکٹ میچ میں سینئرکھلاڑیوں کو بھی بطور مہمان مدعو کیا جائیگا ۔ میچ کیلئے وی آئی پی سٹینڈ کے علاوہ خواتین کیلئے الگ سٹینڈز بنایا جائیگا ۔ میچ کیلئے سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :