ہمیں قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے،پاکستان اور کشمیرکودنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی ،ْشاہ غلام قادر،راجہ مشتاق منہاس

آج کے دور میں اخبار چلانا کوئی آسان کام نہیں ہے، جس جانفشانی سے ہمارے ریاستی اخبار اس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں وہ مبارک باد کے مستحق ہیں ،ْسپیکر اسمبلی حکومت اخبارات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، اے کے این ایس،سی یو جے کو یقین دلاتاہوں کہ وہ جو بھی تجاویز لیکر آئیں گے ان کو پورا کرنے کیلئے میرا بھرپور تعاون ان کے شامل حال رہے گا ،ْوزیر اطلاعات

منگل 17 اپریل 2018 15:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر ،وزیر اطلاعات ،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ ہمیں قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ کشمیر ایکسپریس ریاست کے عوام کی طاقتور آواز اور تحریک آزادی کشمیر کا پشتبان ہے۔

انہوں نے اس کٹھن سفر کو کامیابی سے جاری رکھنے اور اس میں ایک معیار کو قائم رکھنے پر کشمیر ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم سمیت ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 16 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق صدر سردار یعقوب خان ،سابق وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،رکن اسمبلی سید علی رضا بخاری،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،اخبار فروش یونین کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان ،سینٹورس کے چیف ایگزیگٹو سردار تنویر الیاس حریت رہنماء فیض نقشبندی،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ،دستور کے صدر حاجی نواز رضا،اے کے این ایس کے صدر عامر محبوب ،کشمیر جرنلسٹ فورم کے صدر سردار عابد خورشید کے علاوہ اخباری مالکان ،صحافی تنظیموں ،سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ صحافت انتہائی ذمہ داری اور لگاتار محنت کا کام ہے جو جز وقتی طور پر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آج کے دور میں اخبار چلانا کوئی آسان کام نہیں ہے مگر جس جانفشانی سے ہمارے ریاستی اخبار اس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ اخبارات سے ایک شکایت بھی ہے کہ آج کل وہ دوسروں کے دل کا حال بھی بتانے لگے ہیں اس سے گریز کیا جائے میرے دل میں کیا ہے یہ مجھ پہ ہی چھوڑ دیں آپ اس کے لئے تکلیف نہ اٹھایا کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب بھی انتہائی شاندار رہی اور میرے لئے اس میں شرکت نہایت اعزاز کی بات ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس نے کشمیر ایکسپریس کی 16 ویں سالگرہ کی تقریب انتہائی تزک و احتشام سے منانے پر چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم کو مبارک باد پیش کرتے ہوے کہا کہ یہ شخص ہمیشہ منفرد راہوں کا راہی رہا ہے۔انہوں نے زاہد تبسم کے ساتھ اپنے صحافتی دور کی یادوں کو تازہ کرتے ہوے کہا کہ ہم نے کشمیر جرنلسٹ فورم کی بنیاد اکٹھے رکھی پھر جب انہوں نے اخبار نکالنے کا ذکر کیا تو سچی بات ہے ہم اسے دیوانے کا خواب ہی سمجھے مگر لگن اگر سچی ہو تو منزل مل کر ہی رہتی ہے اور آج کشمیر ایکسپریس کی 16 ویں سالگرہ اس کا کھلا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں اخبار کی کامیابی میں اس کی پیشانی پر لکھا ہوا شہید کشمیر کاشر شہید کا متبرک نام ہے جو تحریک آزادی کیلئے اپنا مقدس لہو پیش کر چکا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اخبارات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور میں اے کے این ایس اور سی یو جے کو پورا یقین دلاتاہوں کہ وہ جو بھی تجاویز لیکر آئیں گے ان کو پورا کرنے کے لئے میرا بھرپور تعاون ان کے شامل حال رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے سابق صدر آزادجموں وکشمیر سردار یعقوب خان نے چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم کو مبارک باد پیش کرتے ہوے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ مثبت اور معیاری صحافت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے مسلسل محنت اور انتھک جدوجہد پر کشمیر ایکسپریس کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔ سینٹورس کے چیف ایگزیگٹو سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اخبارات کی صنعت نے آزادکشمیر میں تیزی سے ترقی کی ہے اس پر تمام ریاستی اخبارات کے مالکان مبارک باد کے مستحق ہے۔

انہوں نے کشمیر ایکسپریس کی 16 ویں سالگرہ پر چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم کو مبارکباد پیش کرتے ہوے کہا کہ ان کی کامیابی سب کے لئے ایک مثال ہے یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ مسلسل محنت اور لگن سے کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اخبارات میں تحقیقاتی صحافت کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ ایک ذمہ دار اور فعال پریس ہی کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ نے جتنی ترقی کی ہے اس کے پس منظر میں ان کے پریس کا غیرمعمولی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بیانات سے ہٹ کر ان شعبوں پر فوکس کرنا چاہیے جو ہمارے ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں -پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سابق وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صحافت اور سیاست کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مسئلہ کشمیر پر میڈیا کو مزید فوکس کرنا چاہیے بالخصوص الیکٹرانک میڈیا کو زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایک کامیاب سفر پر چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم کو مبارک باد دی اور ان کی مزید کامیابیوں کی دعا کی۔رکن قانون ساز اسمبلی سید علی رضا بخاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوے کہا کہ میرا اور چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم کا تعلق بائیس سال سے بھی زائد عرصے پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کو دینی ہے جس کے لئے ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس نے 16 سال کا سفر جس کامیابی سے مکمل کیا ہے یقینا وہ سب کے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور صحافی کمیونٹی کا ساتھ ہمیشہ سے رہا ہے اور یہ تال میل ایک مثبت اور تعمیری انداز میں آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔

انہوں نے اس موقع پر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اخبارات کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے وہ اپنا جاندار کردار ادا کریں ہم بھی اس میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔اخبار فروش یونین کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ میرے اس مخلص دوست نے بڑی محنت اور جانفشانی سے یہ مقام بنایا ہے میں ان کی مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں باتوں پر کم اور کام پر زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ ہم ترقی کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہم سے توجہ مانگتی ہے اس موقع پر تمام قومی اور ریاستی اخبارات کو جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کی آواز بننا چاہیے۔حریت رہنماء فیض نقشبندی نے کہا کہ مجھے میرے قائدین سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اوریسین ملک کی جانب سے خصوصی ہدایت ملی ہے کہ کشمیر ایکسپریس کی تقریب میں شریک ہو کر انہیں ہماری جانب سے مبارک باد پیش کرنی ہے کیونکہ اخبار نے تحریک آزادی کشمیر کو ہمیشہ ترجیح اول میں رکھا ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ ریاستی میڈیا نے تحریک آزادی کشمیر کو جس بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے اس کی وجہ سے قومی اخبارات بھی اس جانب توجہ دینے پر مجبور ہوے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس سے یہ کہنا پڑتاہے ملک کا الیکٹرانک میڈیا مسئلہ کشمیر کو وہ توجہ نہیں دے رہا جو اسے دینی چاہیے۔انہوں نے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے دور میں بھی صحافی کمیونٹی کے مسائل حل نہ ہوے تو پھر کب ہوں گے۔

اس موقع پر افضل بٹ نے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس سے انتہائی خوشگوار انداز میں کہا کہ اگر ریاستی اخبارات کے مسائل حل نہ ہوے تو پھر آپ ہمارے دھرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔انہوں نے وزیر اطلاعات کو میڈیا ٹاون کے حصول میں انتہائی دلیرانہ،اہم اور شاندر کردار ادا کرنے پر غیر معمولی انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور وہ واقعات دھرائے کہ کس طرح وہ اپنا پروگرام پیش کرنے کے بعد روزانہ لاہور پہنچ جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس دور کے وزیر اعلی پنجاب بھی حیران ہو جاتے تھے کہ یہ پروگرام پیش بھی کرتے ہیں اور لاہور بھی پہنچ جاتے ہیں یہ جادو کیا ہے۔اے کے این ایس کے صدرعامر محبوب نے سردار زاہد تبسم کو شاندار تقریب پر مبارک باد دی اور کہا کہ بجا طور پر وہ میر کارواں ہیں۔انہوں نے اس موقع پر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس سے اخباری صنعت کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اسے حل کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

کشمیر جرنکسٹ فورم کے صدر سردار خورشید عابد نے سردار زاہد تبسم کی جدوجہد صحافت کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی کو اپنے اس بہادر ساتھی پر ناز ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود ڈٹ کر کھڑا ہے اورکامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :