مقبوضہ کشمیر ، عدالت نے غلام محمد خان سوپوری کو ریمانڈ پر کپواڑہ جیل بھیج دیا

منگل 17 اپریل 2018 18:12

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں سوپور کی ایک عدالت نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء غلام محمد خان سوپوری کو23 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سب جیل کپواڑہ بھیج دیدیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے حریت رہنماء کوسوپور کی عدالت میں پیش کیا ۔ پولیس نے عدالت سے غلام محمد خان سوپوری کو جوڈیشل ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی۔

عدالت نے حریت رہنماء کو23اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پرسب جیل کپواڑہ منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ غلام محمد خان سوپوری طویل عرصہ سے غیر قانونی طورپر نظربند ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح متاثرہوئی ہے ۔ ادھر غلام محمد خان سوپوری کے اہلخانہ نے انکی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں انکی غیر قانونی نظربندی کو 18سال کا عرصہ ہو گیا ہے اور قابض انتظامیہ انہیں نظربند رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنار رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماء شدید علیل ہیںاور نظربندی کے دوران انہیں علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جارہا ہے ۔ اہلخانہ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔اس سے قبل سوپور کی ہی عدالت نے 11اپریل کو حریت رہنماء کے پولیس ریمانڈ میں17اپریل تک توسیع کرتے ہوئے انہیں صدر پولیس اسٹیشن سوپور منتقل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :