منگھوپیر میں کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق،2 زخمی

مقتولہ کے والد نے 3 افراد کو نامزد کیا جن میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تیسرے کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ایس ایس پی ویسٹ

منگل اپریل 18:26

منگھوپیر میں کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج، پولیس کی فائرنگ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2018ء) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا جبکہ واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں بچی کو زیادتی و اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔

بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی جس کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوئی۔ رابعہ کی عمر 6 سال اور اورنگی ٹائون بلوچ پاڑہ کی رہائشی ہے۔ بچی کے والد کے بیان کے مطابق رابعہ 15 اپریل اتوار کو گھر سے کھیلنے نکلی اور اس کے بعد لاپتہ ہو گئی۔ والد نے اورنگی ٹائون میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرا کے 3 افراد کو نامزد کیا جن میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تاہم منگل کی صبح بچی کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی جس کے بعد بچی کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی۔

(جاری ہے)

لواحقین اور اہل محلہ نے جمشید پمپ پر ایم پی آر اورنگی روڈ پر احتجاج کیا، احتجاج کے باعث مظاہرین نے سڑک بند کر دی۔ احتجاج اس وقت شدت اختیار کر گیا جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جس کے سر پر گولی لگی۔ پولیس فائرنگ پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں پولیس پر پتھرائو کردیا۔ مظاہرین کے پتھرائو سے پولیس موبائل اور میڈیا کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ ایس ایس پی ویسٹ عمرشاہد نے کہا کہ مقتولہ کے والد نے 3افراد کونامزدکیاتھا جن میں سی2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ تیسرے کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ بچی اورنگی ٹائون بلوچ پاڑہ کی رہائشی تھی، جو اتوار15 اپریل کو گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔۔پولیس کے مطابق مقتولہ بچی کی لاش گزشتہ روز شام کو منگھوپیر کے علاقے میں جھاڑیوں سے ملی تھی، مقتولہ کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود تھے۔بچی کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اسے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے۔