حناپرویز بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں 8سالہ آصفہ بانو کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی

منگل 17 اپریل 2018 19:08

لاہور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کی ایم پی اے حناپرویز بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں 8سالہ آصفہ بانو کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8سالہ بچی آصفہ بانو کو درندگی کا نشانہ بناناانسانیت کی توہین ہے،بھارت دنیا بھر میں سب سے بڑا جمہوریت اور انسانی حقوق کا علمبرار بنتا ہے ،لیکن مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سوز مظالم کی تاریخ رقم کی جا رہی ہے،8سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے درندوںکو بھارتی حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کرنا انتہائی قابل مذمت ہے جبکہ دوسری جانب معصوم بچی آصفہ بانو کی وکیل کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہے،خاتون وکیل نے عدالت کے سامنے کہا ہے کہ مجھے بھی ریپ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، بچی کے والدین بھارتی انتہا پسندوں کے خوف سے اپنا علاقہ بھی چھوڑ گئے ہیں،لہذا یہ ایوان بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آصفہ بانو کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ، بچی کی والدین اور خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔