پیپلز پارٹی تحصیل بالاکوٹ کے مسلط کردہ صدر کے خلاف کارکنان نے بغاوت کا اعلان کر دیا

جمہوری اقدار رکھنے والی سیاسی جماعت پر کسی بھی مسلط شدہ شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا، شاہنواز صراف اعوان

بدھ 18 اپریل 2018 14:40

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی تحصیل بالاکوٹ کے مسلط کردہ صدر کے خلاف کارکنان نے بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جمہوری اقدار رکھنے والی سیاسی جماعت پر کسی بھی مسلط شدہ شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا، آصف نامی شخص سید احمد حسین شاہ کی مجبوری ہو سکتا ہے ، پارٹی کارکنان کی کوئی مجبوری نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی تحصیل بالاکوٹ کے سابق صدر شاہنواز صراف اعوان نے کہا کہ خودساختہ صدر کیخلاف کارکنان نے اپنی تحریک کا آغاز کر دیا ہے، پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے اور کسی کی جاگیر سمجھ کر اس پر مسلط نہیں کیا جا سکتا، کارکنان کا ضبط ٹوٹ رہا ہے اور قبل از وقت ضلعی صدر اور سید احمد حسین شاہ نے اپنے فیصلوں پر نظرثانی نہ کی تو پیپلز پارٹی تحصیل بالاکوٹ بحرانوں میں داخل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف نامی شخص کا پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریہ یا مشن سے کوئی تعلق واسطہ نہیں، وہ ذاتی مفادات کیلئے پارٹی کا نام بیچ کر اس کی چھتری کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ اپنی جماعت کو بے عزت نہیں کروانا چاہتے، اگر آصف نامی شخص سید احمد حسین شاہ کی مجبوری ہے تو پارٹی کارکنان کی مجبوری ہر گز نہیں ہے اس لئے ضلعی صدر ملک فاروق اور ڈویژنل صدر سید احمد حسین شاہ کو پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنان یا آصف نامی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا چاہئے دیگر یونین کونسل تک کا الیکشن ہارنے والے شخص کی حیثیت ان کے سامنے ہے اور وہ اپنے طور پر جلد ہی اسے چلتا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :