اسلام آباد ہائیکورٹ کی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست کا فیصلہ پانچ دن میں کرنے کی ہدایت، سماعت 23اپریل تک ملتوی

بدھ 18 اپریل 2018 19:27

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹریفک حادثہ میں نوجوان کی ہلاکت کے ذمہ دار امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست کا فیصلہ پانچ دن میںکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23اپریل تک ملتوی کر دی ہے ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ابھی تک کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا، کیا سفارتی استثنیٰ کا قانون سفارتکار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے روکتا ہے جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کمشنر آفس نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست بھجوا دی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایچ او خالد اعوان نے کرنل جوزف کا بیان عدالت میں پیش کیا ۔ اس موقع پرجسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سفارتی استثنی ضرور حاصل کریں لیکن قانون سے گزرنا پڑے گا، سفارتی استثنیٰ میں کسی کو مارنے کا اختیار حاصل نہیں ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کمیٹی 5 دن میں فیصلہ کرے اور وزارت داخلہ ہاں یا ناں میں درخواست کا فیصلہ کرے۔ جس کے بعد عدالت نے مذید سماعت 23اپریل تک ملتوی کر دی ۔