Live Updates

این اے 125کے مرکزی دفتر دیو سماج سنت نگر میں اہل علاقہ کے لئے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

بدھ 18 اپریل 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصا ف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشدکی جانب سے این اے 125کے مرکزی دفتر دیو سماج سنت نگر میں اہل علاقہ کے لئے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا ، جس میں خواتین کے لیے گائنی، آئی اور بچوں کے امراض کا علاج کیا گیا یہ کیمپ گزشتہ 6ماہ سے ہر بدھ کے روز لگایا جاتاہے جس میں مریضوں کا مفت چیک اپ کیاجاتا ہے ، خواتین کے لیے الٹراسائونڈ، بچوں امراض کا مکمل علاج ، آنکھوں کاآپریشن اور مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں ،، علاقے کی خواتین نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی طرف سے مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، موجودہ حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں ، عام آدمی کو بہتر صحت اور تعلیم کی سہولت تک میسر نہیں ہے جبکہ ملک پر قابض مافیا کا علاج بھی ملک سے باہر ہو تاہے ، (ن) لیگ نے جھوٹے نعروں ِاور وعدوں کے سواکچھ نہیں دیاہے ،مریم نواز نے ضمنی الیکشن میں حلقے میں صرف سیر سپاٹے کیے اور پھر اپنے والد نواز شریف کی طرح جھوٹے وعدے کر کے رفوچکر ہو گئیں ،مریم بی بی فوٹو سیشن کروانے میں مصروف ر ہیں انہیں حلقہ کے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں اگر انہیں اتنا ہی حلقہ کے عوام سے پیار ہوتا تو حلقہ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم نہ ہوتے ، عوام کے سامنے ان کی چوری پکڑی جا چکی ہے اب حلقے کی باشعور عوام ان کے فریب میں نہیں آنے والی ۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات