حکومت سندھ کی جانب سے ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر کے لیے 10بسیں چلانا اس صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے، مسلم لیگ (ن) لیبرونگ سندھ

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ گزشتہ تین سال سے کراچی شہر کے لیے جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نظام فراہم کرنے کی بات کررہے ہیں لیکن صرف10بسیں فراہم کرنا اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، عبدالرحیم،صابرشاہ،ڈاکٹراکرم ملک

بدھ 18 اپریل 2018 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان ،ڈپٹی سیکرٹری صابر شاہ ، ڈاکٹر اکرم ملک ، ارشد شاہ ، محبوب الہی اور ہارون خٹک نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر کے لیے 10بسیں چلانا اس صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے ۔حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ گزشتہ تین سال سے کراچی شہر کے لیے جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نظام فراہم کرنے کی بات کررہے ہیں لیکن صرف10بسیں فراہم کرنا اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے شہر قائد کے عوام کو گرین لائن بس منصوبے کا تحفہ دیا ہے جو اس سال تکمیل کے مراحل طے کرلے گا ۔

(جاری ہے)

10سال سے صوبے میں برسراقتدار پیپلزپارٹی کی قیادت جواب دے کہ اس نے ان سالوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں ۔

بدھ کو جاری بیان میں مسلم لیگ لیبرونگ کے رہنمائوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ناقص کارکردگی اور نااہلی کے بدترین ریکارڈز قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کے شہریوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ بسیں فراہم کرنے کا وعدہ کررہے تھے اور اتنے سالوں کے بعد صرف 10بسوں کا افتتاح کیا گیا ہے جو شہریوں کے ساتھ مذاق مترادف ہے ۔

انہوںنے کہا کہ کلچرل فیسٹول کے نام پر اربوں روپے لٹانے والی سندھ حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔اگر ملک کے سب سے بڑے شہر کے لیے اس کے پاس فنڈز نہیں ہیں اورشہر کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے تو اندرون سندھ کی حالت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے کراچی کی اہمیت کا اندازہ کرتے ہوئے پہلے شہر میں قیام امن کے لیے انقلابی اقدامات کیے اور اس کے بعد شہریوں کو گرین لائن بس منصوبے کا تحفہ دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یوم حساب قریب آرہا ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں عوام زرداری ٹولے سے 10سال کا حساب مانگیں گے ۔کرپشن کی ہوشربا داستانیں رقم کرنے والی پیپلزپارٹی کو اب منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی